عوام کے شدید احتجاج کے باوجود حکومت کے کانوں پر جوں تک نہ رینگی اور عوام پر ایک اور بڑا بجلی بم گرانے کی تیاری کرلی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بجلی 2 روپے7 پیسے فی یونٹ مزید مہنگی کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔
سی پی پی اے کی بجلی مہنگی کرنے کی درخواست پر کل سماعت ہوگی۔ جولائی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ میں اضافے کی درخواست پر سماعت ہوگی۔ نیپرا سماعت کے بعد بجلی کی قیمت میں اضافے سے متعلق فیصلہ کرے گا۔ اضافے کی صورت میں صارفین پر 35 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
دوسری جانب ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ بجلی بلوں میں ریلیف پر آئی ایم ایف کو اعتماد میں نہیں لیا گیا اور بجلی بلوں میں ٹیکسیشن میں کمی آئی ایم ایف کو اعتماد میں لیے بغیر نہیں کی جا سکتی۔
بتایا گیا ہے کہ بجلی بلوں کی ٹیکسز میں کمی آئی ایم ایف معاہدے کی خلاف ورزی ہو گی۔ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس اور ٹیکسز کیلئے آئی ایم ایف سے معاہدہ طے ہوا ہے۔ معاہدے کے مطابق سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کو بجلی بلوں میں ریلیف نہیں دیا جا سکتا۔
اس لیے دسمبر تک سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 4.37 روپے مزید فی یونٹ اضافہ ناگزیر ہے۔ دسمبر تک سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 122 ارب وصول کرنے کا ہدف ہے۔ بجلی نرخوں میں ریلیف کے فیصلہ پر آئی ایم ایف کو اعتماد میں لینا ضروری ہے۔