اقوام متحدہ نے جوہری تجربات روکنے کا مطالبہ کر دیا

نیویارک:اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے تمام ممالک سے جوہری تجربات کو روکنے کا مطالبہ کر دیا۔

جوہری تجربات کے خلاف عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے جوہری ٹیکنالوجی کے حامل ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ بین الاقوامی معاہدے کی توثیق کریں جو پرامن اور جوہری دونوں مقاصد کے لیے ایسے تجربات پر پابندی عائد کرتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ دنیا کو اس سال عالمی عدم اعتماد اورتقسیم میں تشویشناک اضافے کا سامنا ہے جس میں تقریباً 13,000 جوہری ہتھیاروں کا عالمی ذخیرہ ہے۔یہی وجہ ہے کہ جامع نیوکلیئر ٹیسٹ بان ٹریٹی (CTBT) جوہری ہتھیاروں سے پاک دنیا کی تلاش میں ایک بنیادی قدم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ معاہدے پر دستخط 1996 میں شروع ہوئے تھے لیکن ابھی تک اس پر عمل درآمد نہیں ہوسکا ہے کیونکہ اس پر خصوصی ایٹمی ٹیکنالوجی کے حامل 44 ممالک کے دستخط اور توثیق کی ضرورت ہے جن میں سے آٹھ نے ابھی تک ایسا نہیں کیا ہے۔ ان میں چین، مصر، بھارت، ایران، اسرائیل، شمالی کوریا، پاکستان اور امریکہ شامل ہیں۔