سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے دوران پُرتشدد ہنگامے پھوٹ پڑے، جس کے بعد سویڈش پولیس نے دو افراد کو گرفتار اور کم از کم 10 افراد کو حراست میں لے لیا۔
عراقی پناہ گزین سلوان مومیکا نے اس بار سویڈن کے جنوبی شہر مالمو کے ایک چوک پر قرآن پاک نذر آتش کیا، جہاں تارکین وطن کی ایک کے مطابق تقریباً 200 لوگ اسے دیکھنے کے لیے جمع ہوئے۔
پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ، قرآن پاک جلائے جانے کے بعد کچھ لوگوں نے ناراضگی کا اظہار کیا اور دوپہر پونے دو بجے کے قریب ’پرتشدد ہنگامہ‘ ہوا۔
پولیس کے مطابق قرآن پاک نذر آتش کرنے والا سلوان مومیکا اپنا کام ختم کرکے وہاں سے چلا گیا تھا لیکن لوگوں کا ایک گروپ جائے وقوعہ پر موجود رہا۔
مقامی میڈیا نے اطلاع دی کہ کچھ تماشائیوں نے مومیکا پر پتھر بھی پھینکے۔
جائے وقوعہ سے حاصل ہونے والی ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ پولیس کی جانب سے روکے جانے سے قبل کچھ لوگ گھیرا توڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ایک اور ویڈیو میں، ایک شخص کو پولیس کی کار روکنے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جو مومیکا کو اس مقام سے لے کر جا رہی تھی۔