مراکش، زلزلے سے اموات 2100 سے بڑھ گئیں

مراکش میں ہفتے کے روز آنے والے تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 2100سے تجاوز کر گئیں،امدادی ٹیمیں بھاری سازو سامان اور ہاتھوں کے ذریعے سے ملبے تلے دبے زندہ لوگوں کو بحفاظت باہر نکالنے میں مصروف ہیں، اسپین نے دو فوجی طیارے ، 86امدادی کارکن اور 8سراغ رساں کتے مراکش کے متاثرہ علاقے میں بھیج دیئے ہیں ، عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا کہ مراکش شہر اور آس پاس کے علاقوں میں 3لاکھ سے زائد لوگ متاثر ہوئے ہیں۔اسرائیل، فرانس، اسپین، اٹلی اور امریکا سمیت کئی ممالک نے امداد کی پیشکش کی ہے۔انسانی امداد اور زخمیوں کو لے جانے والی پروازوں کے لئے پڑوسی ملک الجزائر (جس کے مراکش کے ساتھ پیچیدہ تعلقات ہیں) نے مراکش کے لئے اپنی 2 سال سے بند فضائی حدود کھول دی ہیں ۔ مراکشی حکومت کے اعداودشمار کے مطابق اب تک 2ہزار 122افراد کے ہلاک اور 2400افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی جاچکی ہے ۔ اتوار کے روز بھی متاثرہ علاقے میں 4.5شدت کا ایک اور زلزلہ بھی آیا ہے ۔