پشاور: ورسک روڈ پر سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکا، ایک اہلکار شہید، 7 زخمی

پشاورکے ورسک روڈ پر سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید اور 7 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دھماکا تھانہ مچنی گیٹ کی حدود ورسک روڈ پر پرائم اسپتال کے قریب ہوا۔

سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب ہونے والے دھماکے کی زد میں آکر ایک ایف سی اہلکار شہید، جبکہ فرنٹیئر کور کے 5 اہلکار اور 2 سویلین زخمی ہوگئے۔

زخمیوں کو پرائم اسپتال میں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد لیڈی ریڈنگ اور سی ایم ایچ منتقل کیا گیا۔

ایس پی ورسک ڈویژن محمد ارشد خان نے مطابق دھماکا آئی ای ڈی ہے تاہم مزید نوعیت بم ڈسپوذل یونٹ کی رپورٹ آنے کے بعد واضح ہوگی۔

نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے ورسک روڈ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہید سیکیورٹی اہلکار کے بلند درجات کے لئے دعا گو ہیں۔

سرفراز احمد بگٹی نے کہا کہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں اور شرپسندوں کے بزدلانہ حملے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے، ملک سے دہشت گردی کی لعنت ختم کر کے ہی دم لیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ ملک میں انتہا پسندوں کے لئے کوئی جگہ نہیں، سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہیں۔