ایشیا کپ، بھارت کے ہاتھوں پاکستان کو شرمناک شکست

ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں بھارتی بولرز کے سامنے پاکستانی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ روایتی حریف بھارت نے پاکستان کو 228 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔

ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کا میچ آج ریزرو ڈے میں مکمل ہوگیا۔

بھارت نے قومی ٹیم کو چاروں شانے چت کردیا، یکطرفہ میچ میں ٹیم انڈیا نے بیٹنگ کے بعد بولنگ میں بھی ٹیم پاکستان کو آوٹ کلاس کردیا۔

بھارت کے 357 رنز ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام ہوگئی۔

اوپنر امام الحق 9 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔

امیدوں کے محور کپتان بابر اعظم بھی اہم میچ میں ناکام ہوگئے ان کی اننگ 10 رنز تک محدود رہی۔

وکٹ کیپر بلے باز اور مشکل وقت میں رنز اسکور کرنے والے محمد رضوان کا بلا بھی رنز نہ اگل سکا اور وہ محض 2 رنز پر آوٹ ہوگئے۔

فخر زمان کچھ دیر وکٹ پر ٹھہرے لیکن انتہائی سسٹ بیٹنگ کی، انھوں نے 50 بولز پر 27 رنز بنائے اور پھر کلین بولڈ ہوگئے۔

آغا سلمان نے 32 بولز پر 23 رنز اسکور کیے اور وکٹ گنوا بیٹھے۔

شاداب خان کی اننگ بھی 6 رنز سے آگے نہ بڑھ سکی۔

افتخار احمد نے بھارتی بولرز کے سامنے کچھ مزاحمت کی لیکن وہ بھی 23 رنز پر آوٹ ہوگئے۔

اس سے قبل میچ کا آغاز ہوا تو ریزرو ڈے پر بھی بارش شروع ہوگئی جس کے باعث میچ روک دیا گیا۔ لیکن چار بجے تک بارش رک گئی اور دھوپ نکل آئی جس کے باعث میچ دوبارہ شروع کیا گیا۔

دونوں ٹیمیں 50 اوررز کے لیے کھیلیں گی، اوررز میں کٹوتی نہیں کی گئی ہے۔

دوسری جانب حارث رؤف ٹخنے کی انجری کا شکار ہوگئے ہیں۔

بھارت نے 24.1 اوورز میں 147 رنز 2 وکٹوں پر اننگز دوبارہ شروع کی، ویرات کوہلی اور کے ایل راہول کی سنچریوں کی بدولت پاکستان کو 357 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا۔

کے ایل راہول نے 100 گیندوں پر اور ویرات کوہلی نے 84 گیندوں پر اپنی اپنی سینچریز مکمل کیں۔

ویرات کوہلی نے 94 گیندوں پر 122 رنز کی اننگ کھیلی اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

کے ایل راہول نے 111 رنز اسکور کیے اور کوئی پاکستانی بولر ان کی وکٹ لینے میں ناکام رہا اور ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔

کولمبو میں کھیلا جانے والا سُپر 4 مرحلے کا اہم میچ بارش کے باعث اتوار کو روک دیا گیا تھا۔

گزشتہ روز 11 ستمبر کو گراؤنڈ خشک نہ ہونے پر میچ موخر کیا گیا۔ آج دوپہر ڈھائی بجے کھیل کا آغاز وہیں سے ہونا تھا جہاں یہ رکھا تھا لیکن مقررہ وقت کے بعد بھی میچ شروع نہ ہوسکا۔

ٹیمیں اسٹیڈیم میں موجود ہیں۔ ایک موقع پر میدان میں پھیلائے گئے کور بھی ہٹائے گئے لیکن میچ شروع نہیں ہوا۔

کولمبو میں آج بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ گزشتہ روز پاکستان نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

بھارت نے چوبیس اعشاریہ ایک اوورز میں 2وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے۔ روہت شرما نے 56 اور شبمن گل نے 58رنز بنائے، دونوں کی وکٹیں شاداب اور شاہین نے حاصل کیں۔

بارش کے باعث کھیل روکے جانے تک کے ایل راہول 17 اور ویرات کوہلی 8 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔