جنگی جنون میں مبتلا بھارت اب پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کو لے کر منفی پروپیگنڈا کرنے لگا۔
بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ میں کھیلنے والے غیر ملکی کھلاڑیوں نے کشیدگی کے باعث اپنے ملک واپس جانے کی درخواست کردی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بھارتی میڈیا نے پی ایس ایل میں شریک غیرملکی کھلاڑیوں کی سیکیورٹی پر سوال اٹھانا شروع کردیا ہے جبکہ انڈین پریمئیر لیگ میں شریک غیر ملکی کرکٹرز خصوصاً نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے اپنے کھلاڑیوں کی سیکیورٹی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
انگلینڈ کے 7 کھلاڑی جن میں سیم بلنگز، جیمز ونس، ٹام کرن، ڈیوڈ ولی، کرس جارڈن، ٹام کوہلر کینمور اور لیوک ووڈ پی ایس ایل میں شامل ہیں۔
بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈیوڈ ولی اور کرس جارڈن نے اپنی فرنچائز ملتان سلطانز سے بات کی ہے کہ وہ گھر روانہ ہونا چاہتے ہیں کیونکہ ان کی ٹیم پہلے ہی پلے آف سے باہر ہے اور ان کا صرف ایک میچ باقی ہے۔ فرنچائز اپنا آخری میچ اتوار کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف کھیلے گی۔
رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ اور پروفیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن انگلش کھلاڑیوں کے ساتھ رابطے میں ہیں اور انہیں ابھی تک جانے کی ہدایت نہیں کی گئی ہے تاہم حکومت برطانیہ کی ٹریول ایڈوائزری پر تبدیلی ممکن ہے۔