پاکستان میں آزادانہ انتخابات چاہتے ہیں، کوئی ہمارا پسندیدہ نہیں ، امریکا

واشنگٹن: ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھو ملر کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کسی بھی سیاسی جماعت یا امیدوار کی حمایت نہیں کرتے، پاکستان میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات پر زور دیتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھو ملر نے پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ایسی اصلاحات کی حمایت کرتےرہیں گے، جس سے پاکستانی معیشت میں بہتری آئے۔

پاکستان میں امریکی سفیر کی چیف الیکشن کمیشن سے ملاقات پر سوال کے جواب میں میتھو ملر کا کہنا تھا کہ دوبارہ کہیں گے امریکہ پاکستانی انتخابات کے نتائج پر کوئی پوزیشن نہیں رکھتا، پاکستان میں کسی بھی سیاسی جماعت یا امیدوار کی حمایت نہیں کرتے۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے مزید کہا کہ پوری دنیا کی طرح پاکستان میں بھی آزادانہ اور منصفانہ انتخابات پر زور دیتے ہیں۔

یاد رہے گذشتہ ماہ پاکستان میں تعینات امریکی سفیرڈونلڈ بلَوم نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا سے اسلام آباد میں ملاقات کی تھی ، جس میں پاکستان کےآئین اورقانون کے مطابق آزادانہ اورمنصفانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے امریکہ کی حمایت کی یقین دہانی کروائی گئی تھی۔

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے زور دیا تھا کہ پاکستان کے مستقبل کے رہنماؤں کا انتخاب کرنا پاکستانی عوام کا کام ہے۔ امریکہ دوطرفہ تعلقات کومزید گہرا اور وسیع کرنے کے لیے پاکستانیوں کے منتخب کردہ نمائندوں کے ساتھ ملکرکام کرتا رہے گا۔