واشنگٹن،تہران:بائیڈن انتظامیہ نے بین الاقوامی بینکوں کو چھ ارب ڈالر کی منجمد ایرانی رقم کو قطر منتقل کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
امریکہ نے یہ فیصلہ ایران میں زیر حراست پانچ امریکی قیدیوں کی رہائی کی خاطر کیے گئے ایک معاہدے کے تحت کیا ہے۔
جرمن ٹی وی رپورٹ کے مطابق بائیڈن انتظامیہ کی جانب سے بین الاقوامی بینکوں کو چھ بلین ڈالر کی منجمد ایرانی رقم کو کسی پابندی یا خوف کے بغیر جنوبی کوریا سے قطر منتقل کرنے کی اجازت دینے کا اعلان کیے جانے کے ساتھ ہی ایران میں زیر حراست پانچ امریکی شہریوں کی رہائی کی راہ بھی ہموار ہو گئی ہے۔
اس معاہدے کے تحت بائیڈن انتظامیہ امریکہ میں زیر حراست پانچ ایرانی شہریوں کو بھی رہا کرنے پر رضامند ہے۔امریکی نیوز ایجنسیکے مطابق امریکی اور ایرانی حکام کے درمیان ایک ماہ قبل ہی اصولی طور پر اتفاق رائے ہو جانے کے بعد امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اس دستاویز پر گزشتہ ہفتے دستخط کر دیے تھے۔ لیکن پیر کے روز تک امریکی کانگریس کو اس بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی گئی تھی۔
معاہدے کے خاکے کا اعلان گوکہ پہلے ہی کیا جا چکا تھا اور یہ نوٹیفیکیشن متوقع بھی تھا تاہم اس میں پہلی مرتبہ بائیڈن انتظامیہ نے کہا کہ وہ معاہدے کے مطابق پانچ ایرانی قیدیوں کو رہا کر رہی ہے۔ قیدیوں کے نام ابھی نہیں بتائے گئے ہیں۔
اس فیصلے پر ریپبلیکنز اور دیگر کئی دیگر حلقوں نے تنقید کی ہے، جن کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ ایسے وقت میں ایرانی معیشت کو تقویت فراہم کرے گا جب وہ مشرق وسطی میں امریکی فوجیوں اور اتحاد کے لیے بڑھتا ہوا خطرہ ہے۔
آئیوا کے سینٹر چک گراسلے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، "یہ امریکہ کے لیے مضحکہ خیز ہے کہ اسے یرغمالیوں کے لیے چھ بلین ڈالر ادا کرنے پر بلیک میل کیا جائے، اس سے ایران کی خارجہ پالیسی اور دہشت گردی کو بالواسطہ طور پر مالی مدد ملے گی۔
"ارکنساس کے سینٹر ٹام کاٹن نے صدر بائیڈن پر الزام لگایا، "دنیا کی بدترین دہشت گرد ریاست کو تاوان ادا کیا جا رہا ہے۔"اس معاہدے کی رو سے یورپی، مشرقی وسطی اور ایشیائی بینکوں کی جانب سے جنوبی کوریا میں منجمد رقم کو تبدیل کرنے اور اسے قطر کے مرکزی بینک میں منتقل کرنے کو اب امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی نہیں سمجھا جائے گا۔