عام انتخابات، پرویز خٹک نے تحریک انصاف کیساتھ اتحاد کا امکان ظاہر کردیا

 پشاور: پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرینز کے سربراہ پرویزخٹک  نے کہا ہے کہ الیکشن میں کامیابی کی صورت میں پی ٹی آئی سے اتحاد کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف پارلیمنٹرینز کے سربراہ پرویز خٹک سے امریکی قونصل جنرل کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں پارٹی کے وائس چیئرمین محمود خان، سیکرٹری اطلاعات ضیا اللہ بنگش اور دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔

تحریک انصاف پارلیمنٹرینز حکام نے بتایا کہ پرویز خٹک نے ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور انہیں اپنے پارٹی منشور، آئین اور انتخابی نعرے کے بارے میں بریفنگ دی، یہ کسی امریکی سفارت کار کا خیبر پختونخوا میں کسی بھی سیاسی جماعت کے دفتر کا پہلا دورہ تھا۔

اس موقع پر پرویز خٹک نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں عوام میں غیرمقبول ہوچکی ہے، اقتصادی صورتحال میں بہتری پی ٹی آئی کی مقبولیت میں کمی لا سکتی ہے۔

سربراہ کا کہنا تھا کہ الیکشن میں کامیابی کی صورت میں پی ٹی آئی سے اتحاد کا امکان ہے تاہم پی ٹی آئی کی عوامی مقبولیت کم کرنے کیلئے وقت درکار ہے، عوامی رابطے اور جلسے کررہے ہیں، سیاسی ایجنڈے سے پی ٹی آئی کی مقبولیت کم کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

پرویز خٹک سے امریکی قونصل جنرل ملاقات میں کہا کہ ایسا منشور دیں گے کہ پی ٹی آئی ورکروں کی سپورٹ حاصل کرسکیں۔