:آل نانبائی ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا نے حکومت سے فوری طور پر نانبائیوں کی مشاورت سے نیانرخنامہ جاری کرنے کا مطالبہ کردیا
بصورت دیگر گورنر ہاس کے سامنے احتجاجی دھرنا دیں گے جبکہ چارسدہ سمیت متعدد اضلاع میں 25ستمبر سے روٹی 25روپے میں فروخت کرنے کا اعلان کر دیا۔
آل نانبائی ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کا گرینڈ اجلاس چارسد ہ میں زیر صدارت صوبائی صدر اقبال پائندہ خیل منعقد ہوا جس میں صوبائی کابینہ اراکین سمیت پشاور، مردان، مانسہرہ، سوات ، نوشہرہ،بٹ خیلہ ، اپردیر ، لوئردیر ، کوہاٹ ،ہنگو ، ملاکنڈ ، بونیر ، تخت بھائی ، ایبٹ آباد اور دیگر اضلاع کے صدور،جنرل سیکرٹریزاورعہدیداروں نے شرکت کی۔
اس موقع پر صوبائی کابینہ کیلئے رحیم صافی سالار کو چیئرمین،اختر اقبال اور احسان اللہ نائب صدورمنتخب کئے گئے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر اقبال پائندہ خیل ،چیئرمین رحیم صافی، محمد اعجاز ،بشیر بٹ، گوہر علی، عطاء اللہ بابو ،سبزعلی، فیض اللہ، کابل خان، نعیم، ظہیر حسین،سلطان علی خان،عبدالسلام ،احسان اللہ اور دیگر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تمام اضلاع میں فوری طور پر نانبائیوں کی مشاورت سے نرخنامے جاری کئے جائیں،حکومت آٹا سستا کرے،نانبائی روٹی سستی کردیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر فوری طور پر نانبائیوں کی مشاورت سے نرخنامے جاری نہ کئے گئے توگورنر ہاس کے سامنے بھرپور احتجاج کریں گے۔