پاکستان کی پہلی خلاباز خاتون نمیرہ سلیم تاریخی خلائی سفر کا آغازکرنے جا رہی ہیں،وہ پانچ اکتوبر کو یہ کارنامہ انجام دیں گی ‘نمیرہ سلیم کا خلائی مہم کا آغازیقینا پاکستان کی ایک بڑی کامیابی ہے۔نمیرہ سلیم خلا میں پاکستانی پرچم بلند کرنے کا عزم رکھتی ہیں‘اس حوالے سے خلائی سیاحتی کمپنی‘ورجن گیلیکٹک ہولڈنگز نے اعلان کیا ہے کہ اِنکی فلائٹ ونڈو اگلے ماہ اکتوبر کو اپنے سفر کا آغاز کرےگی ‘ورجن گیلیکٹک کے بانی خلاباز رچرڈ برانسن کی جانب سے نمیرہ سلیم کو اس خلائی سفر کے لئے نامزد کیا گیا ہے‘ نمیرہ سلیم خلائی مسافر کی پوزیشن حاصل کر چکی ہیں۔ ایک ٹی وی انٹرویو میںنمیرہ سلیم کا کہنا تھا کہ موجودہ نگران حکومت نے مجھے سپورٹ کیا ہے اور حوصلہ افزائی کی ہے‘ ورنہ قبل ازیں مختلف سیاسی پارٹیوں کی حکومت نے مجھے وہ ترجیح نہیں دی جتنی میں حقدار تھی‘انہوں نے بتایا کہ بچپن ہی سے خلا کے حوالے سے پڑھتی رہی‘دیکھتی رہی اور سوچتی رہی ہوں، اس سے پہلے خلا میں پاکستان کی جانب سے کوئی خاتون اور نہ ہی کوئی مرد گیا ہے ۔نمیرہ سلیم کابنیادی تعلق کراچی سے ہے ، انہوں نے وطن عزیز کا ہر میدان میں نام روشن کیا ہے ‘ 2006میں حکومت پاکستان کی جانب سے انہیں باضابطہ طور پرپہلی پاکستانی خلابازکے طور پر تسلیم کیا گیا‘2007میں نمیرہ سلیم پاکستان کیلئے سیاحت کے اعزازی سفیر کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں‘ وہ اپریل 2007میں قطب شمالی اور جنوری 2008میں قطب جنوبی تک پہنچنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہیں۔انہیں تاریخی فرسٹ ایورسٹ سکائی ڈائیو 2008کے دوران ماو نٹ ایورسٹ پر سکائی ڈائیو کرنے والی پہلی ایشیائی اور پہلی پاکستانی ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے‘وہ امن کیلئے بھی کام کرتی رہی ہیں اور 2011 میں صدر پاکستان نے نمیرہ سلیم کو ملک کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ تمغہ امتیاز سے نوازا تھا۔انہیں بین الاقوامی امن اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کی کوششوں پر ستمبر2013میں لندن میں ایوارڈ سے نوازا گیا۔ نمیرہ سلیم کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ پاکستان پاور 100کی ویمن پاورمیں شامل رہی ہیں۔دوسری جانب نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے پاکستان کی پہلی خلا باز خاتون نمیرہ سلیم سے ملاقات کی ۔اس موقع پر ان کا کہناتھا کہ نمیرہ سلیم کا خلاکا آئندہ سفر خلائی تحقیق میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی موجودگی اور قوم کےلئے ایک بڑی کامیابی کی علامت ہے ‘ انہوں نے بڑے حیرت انگیز طورپر کارنامے سرانجام دیئے ہیں‘پاکستان میں شاید ہی کوئی دوسرا ہو جنہوں نے اتنی بڑی تیزی سے کامیابی حاصل کی‘تاہم نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے پاکستان کی پہلی خلا باز خاتون نمیرہ سلیم کو آئندہ ماہ پانچ اکتوبر کو اپنے خلائی سفر پر روانگی سے متعلق تیاریوں سے آگاہ کیا،نمیرہ سلیم پہلی پاکستانی خاتون ہیں جنہیں قطبین پر پہنچنے کا اعزاز حاصل ہوا‘دیکھا جائے تو نمیرہ سلیم تمام خواتین کے لئے ایک رول ماڈل ہیں‘پاکستان کی نوجوان نسل زندگی کے مختلف شعبوں میں پاکستان کا نام دنیا میں بلند کر سکتی ہے ،نمیرہ سلیم کا سفر خلائی تحقیق میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی موجودگی کی علامت ہے جو قوم کے لئے ایک اہم کامیابی ہے،واضح رہے کہ نمیرہ سلیم پاکستان کی پہلی خاتون ہیں جنہیں قطبین پر پہنچنے کا اعزاز بھی حاصل ہے‘نمیرہ سلیم 21اپریل 2007کو قطب شمالی میں پاکستان کا پرچم لہرا چکی ہیں جبکہ آئندہ ماہ پانچ اکتوبر کو وہ خلائی سفر پر روانہ ہو نے جا رہی ہیں۔