ایواسٹین انجکشن سکینڈل کے اصل ذمہ داروں کو بچانے کی کوشش کا انکشاف

اسلام آباد : ایواسٹین انجکشن سکینڈل کے اصل ذمہ داروں کو بچانے کی کوشش کا انکشاف سامنے آیا ، ایوسٹین انجکشن لگانے والےڈاکٹرز، ہسپتال انتظامیہ کو بچایا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق دو ہفتے گزرنے کے باوجود ایوسٹین انجکشن کی تحقیقات مکمل نہ ہو سکیں، ذمہ دار ڈاکٹرز اور اسپتالوں کو بچانے کیلئے تحقیقات کو طول دیا جا رہا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ایوسٹین کا غیرقانونی استعمال کرنے والوں کیخلاف کارروائی نہ ہو سکی اور صوبائی حکومت انجکشن لگانے والے ڈاکٹرز اور اسپتالوں کیخلاف بے بس ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انجکشن سکینڈل کےاصل ذمہ داران کو بچانےکی کوششیں جاری ہیں، ایوسٹین انجکشن لگانے والےڈاکٹرز، اسپتال انتظامیہ کو بچایا جا رہا ہے، اہم شخصیت ذمہ داران کےخلاف کارروائی نہیں ہونے دے رہی۔

انجکشن تحقیقات پر ڈرگ ڈپارٹمنٹ پنجاب کے عملے کے تحفظات ہیں اور محکمہ صحت پنجاب کے عملے نے ڈرگ افسران کیخلاف کارروائی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایوسٹین انجکشن اسکینڈل میں ڈرگ انسپکٹرز،کنٹرولز کی معطلی بلاجواز ہے۔

ذرائع نے کہا ہے کہ ڈرگ انسپکٹر، کنٹرولز کی معطلی اصل ذمہ داران کو بچانے کی کوشش ہے، سرکاری،نجی اسپتالوں کی نگرانی ، اسپتالوں میں سیفٹی اور کوالٹی کنٹرول پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کی ذمہ داری ہے۔

محکمہ صحت پنجاب نےصوبائی ہیلتھ کیئر کمیشن کیخلاف کارروائی نہیں کی، پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کی صوبےبھر میں سرویلنس انتہائی کمزور ہے۔