کراچی،ڈاکوؤں نے سرکاری ملازمین کو یرغمال بناکر 71لاکھ روپے لوٹ لئے

کراچی: جناح ہسپتال کے قریب پل پر مسلح ڈاکوؤں کا گروہ اوورسیز ایمپلائز کارپویشن کے ملازمین کو سرعام یرغمال بنا کر 71 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگیا۔ 

تفصیلات کے مطابق جناح اسپتال کے قریب پل پر کار اور موٹر سائیکل سوار نصف درجن سے زائد مسلح ڈاکو اوورسیز ایمپلائز کارپوریشن کے ملازمین سے 71 لاکھ روپے چھین کر فرار ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی صدر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور واردات کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اوورسیز ایمپلائز کارپوریشن کے ملازمین جناح اسپتال کے قریب بینک سے رقم نکلوا کر کار میں جا رہے تھے، جیسے ہی وہ جناح ہسپتال کے قریب پل پر پہنچے تو ایک کرولا کار اور 2 موٹرسائیکلوں پر سوار مسلح ڈاکوؤں نےانہیں اسلحے کے زور پر یرغمال بنا لیا اور کار کی ڈگی میں موجود رقم کا بیگ نکال کر فرار ہوگئے جس میں 71 لاکھ روپےموجود تھے۔

واردات کے حوالے سے ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کے فرار ہونے والے روٹ کی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کی جا رہی ہیں،  شبہ ہے کہ ڈاکوؤں کو رقم نکلوا کر  لے جانے کا پہلے سے علم تھا تاہم پولیس تمام پہلوؤں پر تحقیقات کر رہی ہے اور جلد ڈاکوؤں کا سراغ لگا لیا جائے گا۔

متعلقہ تھانے میں  ڈکیتی کی واردات سے متعلق درخواست جمع کرا دی گئی ہے،  بتایا جا رہا ہے کہ کار میں اوورسیز ایمپلائز کارپوریشن کے ڈرائیور اور نائب قاصد سمیت دیگر 2 افراد مذکورہ رقم کہیں جمع کرانے  لے جا رہے تھے ۔