خانپور، ڈاکوؤں کا پولیس چوکی پر حملہ ، ایس ایچ او سمیت تمام اہلکار اغوا

شکارپور : خانپور کے علاقے کچے کوٹ شاہو میں ڈاکوؤں نے پولیس چوکی پر حملہ کرکے ایس ایچ او سمیت 5 پولیس اہلکاروں کو اغوا کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق شکارپور ضلع میں پولیس اہلکار بھی غیر محفوظ ہوگئے، ڈاکوؤں نے شکارپور کی تحصیل خانپور کے کچے کے علاقے کوٹ شاہو تھانہ پر حملہ کردیا اور تھانے میں موجود تمام اہلکاروں کو اغوا کرلیا۔

ذرائع نے بتایا کہ اغوا ہونے والوں میں ایس ایچ اوکوٹ شاہو محبوب بروہی ہیڈ محررسمیت پانچ اہلکار شامل ہیں، ڈاکوؤں پولیس اہلکاروں کو اغوا کرکے کچے کی طرف فرار ہوگئے۔

شکارپور ایس ایس پی بھاری پولیس نفری کے ساتھ مغوی اہلکاروں کی بازیابی کیلئے کچے کے علائقے میں پہنچ گئے اور رینجرز کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔

پولیس اہلکاروں کی بازیابی کے لیے کچے کے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے اور کچے کے داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کردیا گیا ہے۔

ایس اہس پی خالد مصطفی کورائی کے مطابق مغوی پولیس اہلکاروں کو جلد بازیاب کروالیا جائے گا۔

واضح رہے ایک ماہ کے دوران پولیس اہلکاروں کے اغوا کا تیسرا واقعہ ہے جبکہ ذرائع کے مطابق کچے کے علاقوں میں موجود ڈاکو نہ صرف شہریوں بلکہ پولیس اہلکاروں کے لئے بھی درد سر بنے ہوئے ہیں۔

کچے کے علاقے میں اس سے قبل بھی متعدد ایسے واقعات رونما ہوچکے ہیں، جس میں ڈاکو پولیس اہلکاروں کو اغوا کرکے لے جاتے ہیں اور بعد ازاں ان کی رہائی مذاکرات یا قیدیوں کی رہائی کے ذریعے ممکن بنائی جاتی ہے۔