پیزا ہو، لزانیہ ہو یا چیز آملیٹ، جب تک ’ایکسٹرا چیز‘ نہ ہو تو مزہ پھیکا پڑ جاتا ہے، چیز کے شوقین افراد کے گھروں میں اکثر و بیشتر چیز موجود ہی رہتی ہے۔
کہا جاتا ہے کہ چیز کو زیادہ طویل عرصے کیلئے نہیں رکھنا چاہئے، کیونکہ یہ چیز کے ذائقے اور شکل دونوں کو ہی خراب کردیتا ہے۔
لیکن اگر چیز کو مناسب طریقے سے رکھا جائے تو یہ کبھی بھی جلدی خراب نہیں ہوں گی، ان تجاویز پر عمل کرتے ہوئے خواتین چیزکو با آسانی ذخیرہ کرسکتی ہیں۔
پلاسٹک میں نہ رکھیں
اکثر خواتین چیز کو استعمال کرنے کے بعد اس کو مناسب طریقے سے پیکٹ میں نہیں رکھتیں، اور اس کو کسی پلاسٹک بیگ میں اسٹور کردیتی ہیں۔
غذائی ماہرین کے مطابق چیز کو پیکٹ میں نہ رکھنے سے چیز میں پھپھوند کی نشوونما اور آکسیڈیشن کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
ریفریجریٹر میں مخصوص جگہ پر رکھیں
ہرریفریجریٹر میں مخصوص کھانے کے اجزاء کو ذخیرہ کرنے کے لئے ایک جگہ مختص ہوتی ہے۔
چیز کو بھی انہی مخصوص جگہوں پر ذخیرہ کریں تاکہ اس کے ذائقے کو برقرار رکھا جاسکے۔
فریزر میں نہ رکھیں
چیز کو فریزر میں رکھنے کے بجائے اسے صرف ریفریجریٹر میں رکھیں، کیونکہ فریزر میں موجود تیز درجہ حرارت چیز کے ذائقے کو خراب کردیتا ہے۔
چیزچونکہ ڈیری مصنوعات کا ہی حصہ ہے، اس لیے یہ حساس ہوتی ہے۔ اسے ریفریجریٹر میں صاف جگہ پر رکھیں کیونکہ اس سے اس میں بیکٹیریا کی نشوونما کے امکانات پیدا ہوسکتے ہیں۔