کوئٹہ: کانگو وائرس کی خطرناک صورتحال سے نمٹنے کیلئے بلوچستان کی صوبائی حکومت نے ریڈ الرٹ جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کانگو وائرس کی نئی قسم کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے محکمہ صحت اور محکمہ لائیو اسٹاک کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ہدایت جاری کر دی۔
نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی کا کہنا تھا کہ وائرس سے متعلق عوام خصوصاً مال مویشیوں کی خرید وفروخت سے وابستہ افراد کو فوری آگاہی دی جائے، مال مویشیوں کی چراگاہوں ڈیری فارمز میں جانوروں پر جراثیم کش اسپرے کیا جائے۔
نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ کانگو وائرس کی اس نئی قسم سے ہونے والا بخار جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے، علامات کی صورت میں متاثرین کو فوری طبی رہنمائی فراہم کی جائے۔
خیال رہے یہ وائرس مویشی کی کھال سے چپکی چیچڑوں میں پایا جاتا ہے، چیچڑی کے کاٹنے سے وائرس انسان میں منتقل ہوجاتا ہے، قومی ادارہ صحت کے مطابق نیرو نامی وائرس انسانی خون، تھوک اور فضلات میں پایا جاتا ہے جو انسانوں میں بخار پھیلاتا ہے۔
علامات
تیز بخار، کمر، پٹھوں، گردن میں درد، قے، متلی، گلے کی سوزش اور جسم پر سرخ دھبے کانگو کی علامات ہیں۔
احتیاطی تدابیر
جانوروں کے پاس جانے سے گریز کیا جائے، مویشیوں کے پاس جانے کی ضرورت پیش آئے تو دستانوں کا استعمال ضرور کیا جائے۔
یاد رہے کہ کانگو وائرس کے خاتمے کے لیے تاحال کوئی ویکسین ایجاد نہیں ہوئی ہے لہذا قبل اس وقت احتیاط اور مرض ظاہر ہوجانے کی صورت میں بروقت علاج ہی سے اس مرض کا خاتمہ ممکن ہے۔