طلبہ کیلئے خوشخبری، پی آئی اے کا ٹکٹس میں بڑی رعایت کا اعلان

خیر سگالی کو فروغ دینے اور طلباء کی تعلیمی کوششوں کی حمایت کرنے کیلئے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) نے طلباء کے عالمی دن کے موقع پر ایک پُرکشش پیشکش کا اعلان کردیا۔

قومی پرچم بردار کمپنی نے چین کیلئے اپنی پروازوں میں سفر کرنے والے طلبا کیلئے خصوصی 20 فیصد رعایت کا اعلان کیا ہے، جس میں 80 کلو گرام تک سامان لے جانے کی بھی اجازت ہوگی۔

پی آئی اے کی جانب سے خصوصی پروموشن مسافروں کو راغب کرنے اور ایندھن کی قلت کی وجہ سے مالی مشکلات کا سامنا کرنے کے بعد اپنے آپریشنز کو بحال کرنے کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ ایئر لائن نے اگست میں چین کیلئے اپنی ہفتہ وار پرواز دوبارہ شروع کردی ہے، اسلام آباد-بیجنگ-اسلام آباد روٹ دوبارہ بحال ہوگیا۔

پاکستانی طلباء اب اپنے تعلیمی سفر پر جانے یا تعطیلات کیلئے گھر واپس آنے پر ایئر ٹکٹس کی مد میں اہم بچت سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔

ٹکٹوں پر 20 فیصد رعایت کے علاوہ پی آئی اے پاکستان اور چین کے درمیان سفر کے دوران طلباء کے سامان کا وزن بڑھانے پر غور کررہا ہے۔ یہ اضافی فائدہ اس محدود مدت کی پیشکش سے فائدہ اٹھانے والوں کے مزے کو مزید دوبالا کردے گا۔

یہ اعلان مسافروں کو راغب کرنے کیلئے پی آئی اے کے حالیہ اقدامات کے بعد کیا گیا ہے، جس میں ٹورنٹو سے پاکستان جانیوالوں کیلئے ٹکٹوں پر 15 فیصد رعایت بھی شامل ہے۔

مزید برآں پی آئی اے نے حال ہی میں عمرہ کے ٹکٹ کی قیمتوں میں 6 ہزار روپے تک کی کمی کی ہے۔