ملٹی نیشنل کمپنیاں پاکستان میں سب سے زیادہ ٹیکس دیتی ہیں، وزیر مذہبی

نگراں وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ اسلام غیر مسلموں کے ساتھ تجارت کی ممانعت نہیں کرتا، ملٹی نیشنل کمپنیاں پاکستان میں سب سے زیادہ ٹیکس دیتی ہیں ۔

کراچی میں بزنس فورم کے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عقل کو ہمیشہ جذبات پر غالب آنا چاہیے، دانشمندانہ انداز اپنانا چاہیے، خیال رکھنا چاہیے کہ جذبات سے ملک اور ریاست کو نقصان نہ پہنچے۔

انیق احمد نے کہا کہ حج کرایہ کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، پاکستان میں ایسا کبھی نہیں ہوا کہ آئندہ حج پچھلے حج سے سستا ہو۔

نگراں وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ 90 ہزار عازمین کو موبائل سمز دی جائیں گی، کیو آر کوڈ والے سوٹ کیس بھی عازمین حج کو دیے جائیں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ روڈ ٹو مکہ پروگرام کے کراچی سے جانے والے عازمین کی امیگریشن بھی کراچی میں ہوگی۔ امید ہے کہ 9 مئی سے پہلے لاہور کو بھی روڈ ٹو مکہ پروگرام میں شامل کر لیا جائے گا۔

نگراں وزیر مذہبی امور انیق احمد نے مزید کہا کہ پاکستانی خواتین کو حکومت کی جانب سے عبایا دیا جائے گا جس سے ان کی شناخت میں آسانی ہوگی۔