فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس نیٹ بڑھانے کیلئے ملک بھر میں 145 ڈسٹرکٹ ٹیکس دفاتر قائم کر دیئے۔
نئے قائم ہونے والے دفاتر جون 2024ء تک 15 سے 20 لاکھ نئے ٹیکس دہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لانے پر کام کریں گے، ایف بی آر کو ٹیکس نیٹ اور ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب کو مطلوبہ سطح تک بڑھانے میں مدد ملے گی۔اِن لینڈ ریونیو سروس کے گریڈ 17 اور 18 کے افسران ان دفاتر کی سربراہی کریں گے، ان دفاتر کے قیام سے تمام ممکنہ ٹیکس دہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی راہ ہموار ہو گی۔
ایف بی آر کے مطابق ان لینڈ ریونیو کے ڈسٹرکٹ افسران مختلف محکموں اور اداروں سے ممکنہ ٹیکس دہندگان کے بارے میں تھرڈ پارٹی سے ڈیٹا حاصل اور استعمال کریں گے۔
نان فائلرز کے خلاف انکم ٹیکس آرڈیننس 2001ء میں متعارف کرائے جانے والے سیکشن 114B کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، نئے سیکشن کے تحت نوٹس ملنے پر ٹیکس ریٹرن فائل نہ کرنے والوں کے بجلی و گیس کے کنکشنز کاٹے جائیں گے اور موبائل سمز بلاک کی جائیں گی۔