فضائی آلودگی ہمارے پھیپھڑوں اور نظام تنفس کو ہی نقصان نہیں پہنچاتی بلکہ ایک تازہ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ آلودگی گردوں کو بھی نقصان پہنچانے کا باعث بنتی ہے۔
دنیا بھر کے بشتر شہر ایسے ہیں جو آلودگی کی زد میں آئے ہوئے ہیں جن میں پاکستان کے شہر لاہور اور کراچی زیادہ تر سرفہرست ہی رہتے ہیں جس کے سبب دونوں بڑے شہروں میں سانس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔
ماہرین کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ گردہ یورین کے ذریعے خون سے تمام تر فضلہ اور غیر ضروری سیالوں کو باہر نکالنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور آلودگی کے مطالعے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ مضر صحت آلودہ ہوا گردوں کے فلٹرز کو خراب کر سکتی ہیں۔
آلودگی کی وجہ سے بلڈ پریشر کے بڑھنے کا بھی خطر بڑھ جاتا ہے اور ہائی بلڈپریشر گردے کی بیماریوں کی ایک اہم وجہ ہے جو گردے کی نازک خون کی شریانوں کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔
اس کے علاوہ فضائی آلودگی دل پر بھی اثر کرتی ہے جو شریانوں کے سخت ہونے کی وجہ سے گردے کے خون کے بہاؤ کو متاثر کر سکتی ہے۔
آلودگی کی وجہ سے جسم میں آزاد ریڈیکلز اور اینٹی آکسیڈنٹس کی سطح غیر متوازن ہو جاتی ہیں جس کی وجہ سے گردے پر تناؤ بڑھ سکتا ہے۔