لندن میں نئی وبا پھوٹ پڑی ' شہریوں کو ایک بار پھر ماسک پہننے کی ہدایت

لندن میں نئی وبا پھوٹ پڑی، کھانسی پیرٹوسس نے شہریوں کو اپنی لپیٹ میں لینا شروع کردیا، شہریوں کو ماسک پہننے کی ہدایت کی گئی۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق لندن میں کھانسی کی وبا میں 250 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ برطانوی حکام کی جانب سے شہریوں کو کرسمس پرماسک پہننے کی ہدایت کی گئی ہے۔

لندن میں 100 روز تک جاری رہنے والی کھانسی کی وبا پھیل گئی ہے جو پسلیوں کو متاثرکرسکتی ہے۔ شہری بداحتیاطی کے باعث تیزی سے اس میں مبتلا ہورہے ہیں۔

برطانوی ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ 100 روزہ کھانسی سے دورے پڑنے کا بھی خطرہ ہے۔ ڈاکٹرز نے شہریوں کو ویکسین لگوانے اور کرسمس پر سماجی فاصلہ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اس سال برطانیہ میں 100 روزہ کھانسی کے 1141 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔ ویکسین کی دریافت سے پہلے بیماری سے ہزاروں بچے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

اس کھانسی کا دورہ اتنا شدید  ہوتا ہے کہ یہ کھانسی مسلسل تین یا چار منٹ تک رہ سکتی ہے یہاں تک کہ مریض کو الٹی ہوسکتی ہے جبکہ  کھانسی پسلیاں ٹوٹنے کا باعث بھی بن سکتی ہیں۔

برطانیہ کی ہیلتھ اینڈ سیکیورٹی ایجنسی نے خبردار کیا ہے کہ والدین کے لیے یہ بہت ضروری ہے کہ وہ اپنے بچوں کی حفاظت کریں اور انھیں کھانسی سے بچانے کے لیے ویکسین لگوائیں۔

واضح رہے کہ جولائی اور نومبر کے درمیان انگلینڈ اور ویلز میں اس سے 716 افراد متاثر ہوئے ہیں جو2022 کی اسی مدت کے مقابلے میں تقریباً تین گنا زیادہ ہے۔