ڈی این اے لیب کا فنڈ معطلی کے سبب بند ہونے کا خدشہ

سندھ حکومت کی جانب سے واجبات کی عدم ادائیگی اور محکمہ صحت کے ساتھ اس کے مفاہمت کی یادداشت ( ایم او یو) کی میعاد ختم ہونے کی وجہ سے آئی ایس او-17025 سے سرٹیفائیڈ ملک کی واحد آزاد ڈی اکسی رائیبو نیوکلک ایسڈ (ڈی این اے) اور سیرولوجی لیب کے بند ہونے کا خدشہ ہے، جس نے پچھلے 5 سالوں میں ہائی پروفائل کیسز سمیت 8 ہزار اعلیٰ معیار کی رپورٹس پیش کی ہیں۔

یہ بات سامنے آئی ہے کہ 2019 میں کراچی یونیورسٹی کے بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی اور حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) میں قائم سندھ فرانزک ڈی این اے اور سیرولوجی لیب (ایس ایف ڈی ایل) کا 20 دسمبر 2023 سے ڈی این اے ٹیسٹنگ کی خدمات بند کرنے کا امکان ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ صوبائی حکومت یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ میں کام کرنے والی خودمختار لیب کو ختم کر کے اس سہولت کو روتھ فاؤ سول ہسپتال کراچی میں منتقل کرنا چاہتی ہے۔

ذرائع نے خدشہ ظاہر کیا کہ ایک آزاد اور باوقار ادارے کی جانب سے خدمات کی ممکنہ بندش سے ملک مستند ڈی این اے رپورٹس فراہم کرنے کی سہولت سے محروم ہو جائے گا۔

اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا ہے کہ میڈیکل رپورٹس کی شفافیت بھی متاثر ہو سکتی ہے، جس سے عدالتوں میں قبولیت کا مسئلہ پیدا ہو سکتا ہے۔

انہوں نے اس بات کی نشاندہی کی ہے کہ ایس ایف ڈی ایل/ آئی سی سی بی ایس لیب نے گزشتہ پانچ سالوں کے دوران 8 ہزار سے زائد کیسز کی رپورٹس فراہم کیں، جن میں ماڈل کالونی میں پی آئی اے طیارہ حادثہ، ماہم زیادتی اور قتل کیس، نوری آباد سڑک حادثہ اور کراچی یونیورسٹی میں چینی ماہر تعلیم پر خودکش حملے کے ہائی پروفائل کیسز سمیت اغوا اور قتل کے دیگر واقعات بھی شامل ہیں، جس نے قانون نافذ کرنے والوں کو لاشوں کی شناخت کرنے اور ملزمان کو مجرمانہ مقدمات میں انصاف کے کٹہرے میں لانے میں مدد کی۔

سنگین مسائل

بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی اور حیاتیاتی علوم کی ڈائریکٹر ڈاکٹر فرزانہ شاہین کی جانب سے ہیلتھ سیکریٹری سندھ ڈاکٹر منصور عباس رضوی کو 11 دسمبر 2023 کو لکھے جانے والے خط میں بتایا گیا ہے کہ کراچی یونیورسٹی کے بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی اور حیاتیاتی علوم میں قائم سندھ فرانزک ڈی این اے اور سیرولوجی لیب کو سنگین مسائل کا سامنا ہے، اس خط کی ایک نقل ڈان کے پاس بھی موجود ہے۔

خط میں اس بات کی نشاندہی کی گئی ہے کہ گزشتہ مفاہمتی یادداشت کے تحت یکم اکتوبر 2022 سے ستمبر 2023 تک 18 کروڑ 30 لاکھ کی عہد کردہ رقم ایک سال گزر جانے کے بعد بھی جاری نہیں کی گئی، جس کے نتیجے میں قرضوں میں اضافہ ہوا۔

آئی سی سی بی ایس کی سربراہ نے بتایا ہے کہ محکمہ صحت کے ساتھ ایم او یو کی میعاد 30 ستمبر 2023 کو ختم ہوگئی، تاہم اس کی تجدید نہیں کی گئی جس کے قانونی اثرات ہوسکتے ہیں۔

خط کے اختتام میں کہا گیا ہے کہ حالیہ صورتحال کے پیش نظر سندھ فرانزک ڈی این اے اور سیرولوجی لیب 20 دسمبر 2023 سے تمام بقایا فنڈز کے اجرا اور ایم او یو کی تجدید تک اپنی خدمات جاری نہیں رکھ سکے گا۔