پیپلز پارٹی نے ارباب عالمگیر فیملی کو منا لیا ' الیکشن کیلئے تین ٹکٹ جاری

پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر محمد علی شاہ باچا نے ارباب عالمگیر اور عاصمہ عالمگیر کو منا لیا۔

ذرائع کے مطابق ارباب خاندان کو منانے میں سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ 

ارباب عالمگیر قومی اور ان کے بیٹے خیبر پختونخوا اسمبلی کی نشست سے الیکشن لڑیں گے۔

پیپلز پارٹی کی طرف سے خواتین کی مخصوص نشست عاصمہ عالمگیر کو ملے گی۔

ارباب عالمگیر نے این اے 31 اور زرک خان نے پی کے 80 کے لیے جبکہ عاصمہ عالمگیر نے قومی اسمبلی کے لیے خواتین کی مخصوص نشست پر کاغذات جمع کرا دیئے۔

ارباب عالمگیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت سے گلے شکوے دور ہو گئے، پیپلز پارٹی جمہوری پارٹی ہے، اختلافِ رائے جمہوریت کا حسن ہے۔ پیپلز پارٹی کے ساتھ طویل وابستگی ہے، آصف زرداری، بلاول بھٹو اور یوسف رضا گیلانی سے بہت پیار اور اپنائیت ملی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ دونوں رہنماؤں نے پیپلز پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔