ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے کے بعد آج ایران میں قبل ازوقت صدارتی انتخابات منعقد ہوں گے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق قبل از وقت ایرانی صدارتی انتخابات میں دو امیدوار مقابلے کی دوڑ سے دستبردار ہوچکے ہیں جبکہ صدارتی انتخابات کیلئے 4 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ صدارت کیلئے سعید جلیلی، محمد باقر، مسعود پزیشکیان اور مصطفیٰ پورمحمدی کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
دستبردار ہونےوالوں میں میئر تہران علی رضازکانی اور سربراہ شہدا فاؤنڈیشن امیر حسین غازی زادہ شامل ہیں۔ دونوں امیدوار مقبولیت میں کمی کی وجہ سے دستبردار ہوئے۔
واضح رہے کہ صدرابراہیم رئیسی کی حادثاتی موت کے باعث ایران میں قبل از وقت انتخابات منعقد ہو رہے ہیں، صدرابراہیم رئیسی دیگر 7 ایرانی عہدیداروں سمیت گزشتہ ماہ ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہوئے تھے۔
ایران میں صدارتی انتخابات کیلئے ووٹنگ کا آغاز صبح 8 بجےہوگا، 6 کروڑ 10 لاکھ سے زائد افراد ووٹنگ کے اہل قرار دیے گئے ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق صدارتی انتخابات کے حتمی نتائج کا اعلان دو روز میں کیا جائے گا۔
ایرانی میڈیا کوئی بھی امیدوار 50 فیصد سے زیادہ ووٹ حاصل نہ کرسکا تو انتخابات کا دوسرا مرحلہ ہوگا۔