لندن: برطانوی فوجی گھوڑے پریکٹس سیشن سے اچانک بھاگ کھڑے ہوئے، بعد ازاں انھیں سڑک پر خون میں لت پت دوڑتے دیکھا گیا۔
برطانوی میڈیا رپورٹس اور سامنے آنے والی ویڈیوز اور تصاویر کے مطابق وسطی لندن میں پیر کو بغیر سوار ملٹری کے گھوڑے سڑکوں پر بھاگ نکلے، معلوم ہوا کہ گھوڑے معمول کے پریکٹس سیشن کے دوران فرار ہوئے تھے۔
گھوڑوں کے فوجی مشقوں کے دوران اچانک 6 گھوڑوں میں سے 3 بدک کر بے قابو ہوئے اور دوڑ پڑے، سڑک پر ایک ٹیکسی کی ڈیش کیم فوٹیج میں دیکھا گیا کہ ایک فوجی گھوڑا کار کے بونٹ سے ٹکرایا، ایک گھوڑا ڈبل ڈیکر بس سے بھی ٹکرایا جس سے بس کی وَنڈ اسکرین ٹوٹی، ایک گھوڑے کو خون میں لت پت دوڑتے دیکھا گیا، برطانوی میڈیا کے مطابق ایک گھوڑا معمولی زخمی ہوا ہے۔
وزارت دفاع کے مطابق فرار ہونے والے گھوڑوں کو جلد پکڑا گیا اور ہائید پارک بیرک میں پہنچایا گیا، تین ماہ میں معمول کی فوجی پریکٹس کے دوران رونما ہونے والا یہ دوسرا واقعہ ہے۔
گھوڑوں کا تعلق گھریلو کیولری ماونٹڈ رجمنٹ سے تھا، آرمی اور میٹروپولیٹن پولیس نے مل کر گھوڑوں کو پکڑا، سڑک پر کئی شہری گھوڑوں کی زد میں آ کر زخمی بھی ہوئے۔