سعودی عرب نے پاکستانی سیاحوں کیلئے ویزا کی شرائط آسان کر دیں : ایک سال کے ملٹی پل ویزا کے حامل پاکستانی مسافر عمرہ بھی کرسکیں گے

سعودی عرب نے پاکستانی سیاحوں کیلئے وزٹ ویزا کی شرائط میں نرمی کر دی ہے۔ نئی شرائط کے تحت اب پاکستانی سیاح سعودی وزٹ ویزا کے حصول کیلئے 750 امریکی ڈالر ماہانہ کریڈٹ یا اس کے مساوی رقم والے بینک اسٹیٹمنٹ جمع کراسکتے ہیں۔

دوہزارتیئس میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 43 فیصد زائد پاکستانی سیاحوں نے سعودی عرب کا وزٹ کیا اور 2024 میں سعودی عرب کو 27 لاکھ پاکستانی سیاحوں کی سعودی عرب آمد متوقع ہے۔ 

سیاحوں کی اس بڑھتی ہوئی تعداد کو سہولت فراہم کرنے کیلئے کراچی، اسلام آباد، لاہور، پشاور، کوئٹہ اور ملتان میں 6 تشہیر دفاتر قائم کیے گئے ہیں۔

سعودی عرب نے پاکستانیوں کیلئے ٹرانزٹ ویزا بھی متعارف کرایا ہے جو سعودی ایئرلائن اور فلائی ناس کے ذریعے سعودی عرب آنے والے مسافروں کیلئے دستیاب ہے۔ 

اس ویزا کے ذریعے سیاح 96 گھنٹے تک سعودی عرب کا دورہ کرسکیں گے۔ اس کے علاوہ آن ارائیول ویزا ان مسافروں کیلئے دستیاب ہے جن کے پاس برطانیہ، امریکہ اور شینگن ویزا ہو۔

سعودی عرب نے گزشتہ سال پاکستانی مسافروں کیلئے ایک سالہ ملٹی پل انٹری ویزا بھی متعارف کرایا ہے۔ اس ویزا کے تحت مسافر ایک سال کی مدّت میں سعودی عرب کے متعدد دوروں کے دوران ملک کے مختلف شہروں کی ثقافت اور قدرتی عجائبات سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔

ایک سال کے ملٹی پل ویزا کے حامل پاکستانی مسافر عمرہ بھی کرسکتے ہیں۔ یہ اقدام مقد س مقامات کے روحانی سفر اور باہمی ثقافت کو فروغ دینے کیلئے سعودی عرب کے عزم کو اجاگر کرتا ہے۔

ویزا کو آسان بنانے کے اقدام سے پاکستانی شہریوں کو نہ صرف اپنے دوست احباب اور اہلِ خانہ سے ملنے اور عمرہ ادا کرنے کی ترغیب ملے گی بلکہ انہیں ریاض کے متحرک شہر کے منظر، جدّہ کے ثقافتی ورثے، بحیرہ احمر کے پوشیدہ خزانوں سے لے کر العلا کے قدیم عجائبات جیسے مقامات تک سعودی عرب کی سیر کرنے کی بھی ترغیب ملے گی۔

ویزا درخواستوں کے بارے میں مزید معلومات

visa.mofa.gov.sa اور vc.tasheer.com

سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔ 

سیاحت کیلئے مختلف آفرز اور سفری گائیڈ لائنز کے بارے میں جاننے کیلئے

www.visitsaudi.com

پر لاگ آن کریں