وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ معاشی اصلاحات کی بہتری کیلئے کام کر رہے ہیں اور اس وقت ہم معاشی محاذ پر بہترین پوزیشن میں آگئے ہیں۔
پاکستان سعودی عرب بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کرتے ہیں، سعودی عرب سے پرائیویٹ سیکٹر پاکستان میں سرمایہ کاری کرے گا، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ریکوڈک پر جلد پیشرفت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستانی معیشت میں مسلسل استحکام آ رہا ہے، پچھلے ایک سال میں پاکستان کی معیشت مستحکم ہوئی ہے، جس کے نتائج ملنا شروع ہوگئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں خاطر خواہ کمی آ رہی ہے، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ اور روپے کی قدر میں استحکام آیا ہے جبکہ مہنگائی کی شرح بھی سنگل ڈیجٹ میں آچکی ہے، توقع ہے شرح سود میں مزید کمی ہوگی، شرح سود میں کمی سے معاشی سرگرمیاں بحال ہوں گی۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ معاشی اصلاحات کی بہتری کیلئے کام کر رہے ہیں اور اس وقت ہم معاشی محاذ پر بہترین پوزیشن میں آگئے ہیں، ہم نے مائیکرو اکنامک اسٹیبلیٹی کیلئے کام کیا ہے، حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں ہے بلکہ کاروبار کیلئے سہولیات فراہم کرنا ہے، نجی شعبے کی شراکت داری سے ملکی معیشت کو مستحکم کر سکتے ہیں۔
پاکستان تجارت کے فروغ میں سعودی فرمانروا کا وژن 2030 اہم کردار ادا کریگا: جام کمال
وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے کہا کہ سعودی وزیر برائے سرمایہ کاری خالد الفالح کی قیادت میں سعودی وفد کا خیر مقدم کرتے ہیں، پاکستان سعودی مارکیٹ میں اپنی موجودگی بڑھانا چاہتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہت سے مواقع ہیں، سعودی عرب پاکستان کیلئے اہم تجارتی شراکت دار ہے اور اس فورم کا مقصد مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کو بڑھانا ہے، سعودی عرب زراعت، کان کنی، آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد کا 2030کا وژن قابل تحسین ہے، پاکستان تجارت کے فروغ میں سعودی فرمانروا کا وژن 2030 اہم کردار ادا کرے گا، پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
جام کمال کا مزید کہنا تھا کہ ویژن 2030 سعودی عرب کی معیشت میں متنوعیت لانے کا اہم منصوبہ ہے، پاکستانی کاروبار سعودی عرب کے ویژن 2030 میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔
دونوں ممالک کو بزنس ماڈلز متعارف کرانے کی ضرورت ہے: مصدق ملک
فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر پٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے متعدد مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دوست ممالک کے سرمایہ کاروں کیلئے ریڈ کارپٹ بچھانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، سعودی عرب میں پٹرولیم کے خام مال کے بیشمار وسائل موجود ہیں۔
مصدق ملک کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کو بزنس ماڈلز متعارف کرانے کی ضرورت ہے، ایس آئی ایف سی سعودی سرمایہ کاروں کو مکمل تعاون فراہم کرے گا جبکہ سعودی عرب پاکستان میں سیاحت کے مواقعوں سے استفادہ کر سکتا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان سعودی عرب بزنس فورم کے دوران دونوں ممالک کے درمیان اہم سرمایہ کاری اورکاروباری معاہدوں پر بات ہوگی جب کہ سعودی وزارت سرمایہ کاری وفد کے دورہ پاکستان میں متعدد اہم معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔
پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں: سربراہ آئی ایف سی
پاک سعودی عرب بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ آئی ایف سی ولید المرشد نے کہا کہ پاکستان میں نجی شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں، سرمایہ کاری کیلئے پاکستان سے بات چیت مثبت رہی۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان کاروبار کو فروغ دیں گے، پاکستانی سرمایہ کاروں میں کاروبار کے لحاظ سے پوٹینشل موجود ہے، سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرنے پر پاکستانی حکام کے شکر گزار ہیں۔
فورم سے خطاب کرتے ہوئے ایگزم بینک کے تامرالشطری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، سعودی عرب پاکستان کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مذہب اوراقدار پر مبنی مشترکہ تعلقات قائم ہیں۔