خسارے میں چلنے والے اداروں کی نجکاری ہو گی، وزیر خزانہ

وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ خسارے میں چلنے والے اداروں کی نجکاری ہو گی،  پاکستان کے پاس معاشی اصلاحات پر عمل درآمد کیے بغیر کوئی اور چارہ نہیں ہے۔

واشنگٹن میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی ڈائریکٹر سے گفتگو کی۔

وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ ٹیکس نادہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لائیں گے، امداد کے بجائے سرمایہ کاری پر انحصار کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معاشی اصلاحات پر عمل درآمد کیے بغیر پاکستان کے پاس کوئی چارہ نہیں، خسارے میں چلنے والے اداروں کی نجکاری ہو گی۔

بعد ازاں جی 24 وزراء اجلاس سے خطاب میں محمد اورنگزیب نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک پر قرضوں کے زیادہ بوجھ کا مسئلہ حل کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان سمیت ترقی پذیر ممالک درپیش ماحولیاتی تبدیلیوں پر مل کر کام کریں۔

وزیر خزانہ نے اس موقع پر سعودی ہم منصب سے بھی ملاقات کی اور دو طرفہ تجارت بڑھانے اور اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کو آسان بنانے کا عزم کیا۔ محمد اورنگزیب نے دوران گفتگو باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

اس موقع پر وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے سٹی بینک کے وفد نے بھی ملاقات کی۔