پی آئی اے کی نجکاری کیلئے بولی آج، کارروائی براہ راست نشر ہوگی

نجکاری کمیشن نے قومی ایئر لائن ”پی آئی اے“ کی بولی کے لیے تیاریاں مکمل کرلیں، حتمی منظوری آج نجکاری کمیشن بورڈ کے اجلاس سے لی جائے گی، کابینہ کی نجکاری کمیٹی سے بھی کل منظوری لی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ سے پی آئی اے کی ریزو پرائس کی منظوری سرکولیشن سے حاصل کی جائے گی، پی آئی اے کی نجکاری کا عمل کل دوپہر اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں منعقد کیا جائے گا۔

بولی کا عمل 1 بج کر 30 منٹ پر شروع کیا جائے گا اور بولی کھولنے کا عمل 6 بج کر 30 منٹ پر کیا جائے گا، بولی کی تقریب سرکاری ٹی وی پر براہ راست دکھائی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق بولی کے لیے بلیو ورلڈ سٹی کنسورشیم کے علاوہ کسی اور گروپ نے تاحال کاغذات جمع نہیں کرائے، پی آئی اے کی نجکاری کے لیے پی آئی اے حکام کو تیار رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

نجکاری کمیشن نے پی آئی اے کی نجکاری کی تاریخ میں توسیع کر کے 31 اکتوبر رکھی تھی، آئی ایم ایف نے حکومت کو پی آئی اے کی نجکاری کے لیے ستمبر کے آخر تک کا وقت دیا تھا۔

نجکاری سے حکومت کو ائیر لائن کے خسارے اور قرض کی ادائیگی میں اربوں روپے سالانہ کی بچت ہو گی۔