امریکہ نے صومالیہ کا ایک ارب ڈالر کا قرضہ معاف کر دیا

امریکہ نے افریقی ملک صومالیہ کا ایک ارب ڈالر سے زائد کا قرضہ معاف کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکہ اور صومالیہ کے درمیان معاہدہ طے پایا جس میں امریکہ نے صومالیہ کا قرضہ معاف کر دیا، قرضہ معاف کرنے کا باقاعدہ اعلان صومالیہ کی پارلیمان نے کیا۔

دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والے اس معاہدے میں صومالیہ کے وزیر خزانہ بیہی آیگے اور امریکی سفیر رچرڈ ریلی نے دستخط کئے،صومالیہ کے وزیر خزانہ نے کہا کہ ہمارے لیے یہ ایک بڑا دن ہے کیونکہ اس معاہدے سے صومالیہ کا 1.14 ارب ڈالر کا قرضہ معاف ہو گیا۔

 صومالیہ نے امریکی اور بین الاقوامی شراکت داروں کی مدد سے ملک میں کام کے طریقوں کو بہتر کیا۔ مالی معاملات میں جوابدہی شامل کی گئی اور نئے قوانین طے کئے گئے۔

وزیر خزانہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر کی گئی پوسٹ میں صومالیہ کی ترقی اور اقتصادی اصلاحات کے لیے امریکہ کی غیر متزلزل حمایت پر امریکہ کا شکریہ ادا کیا۔

امریکی سفیر رچرڈ ریلی نے کہا کہ ان قرضوں کی معافی کے علاوہ صومالیہ کو 1.2 ارب ڈالر ترقیاتی و اقتصادی بجٹ، سیکیورٹی اور انسانی بنیادوں پر امداد کے لیے فراہم کیے گئے ہیں۔

خیال رہے صومالیہ کی پارلیمان نے اس معاہدے کا اعلان سال 2025 کیلئے 1.36 ارب ڈالر کے بجٹ کی پارلیمان سے منظوری کے ایک دن بعد کیا۔