باغیوں کا دمشق پر بھی قبضہ ، صدر بشار الاسد ملک سے فرار

شام کے باغیوں نے دمشق کا قبضہ بھی حاصل کر لیا ، جبکہ شامی صدر بشار الاسد کے ملک سے فرار ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

برطانوی خبر ایجنسی رائٹرز نے دعویٰ کیا ہے کہ شامی صدر بشار الاسد طیارے پر سوار ہو کر نامعلوم مقام پر چلے گئے ہیں، دمشق کے امیہ چوک پر عوام جمع ہو رہے ہیں، لوگ فوج کے چھوڑے ہوئے ٹینکوں پر چڑھ گئے ۔

شامی صدارتی محل نے کہا ہے کہ صدر ملک میں ہی ہیں تاہم ذرائع نے بتایا ہےکہ شامی صدر دمشق میں نہیں۔

ادھر قطری میڈیا کا کہنا ہے کہ شام کی افواج دمشق کے داخلی راستوں سے پیچھے ہٹ گئی ہیں اور باغیوں کو کسی مزاحمت کا سامنا نہیں ، شام میں فوج کے وزارت دفاع کا ہیڈ کوارٹرز بھی خالی کرنے کی اطلاعات ہیں۔

باغیوں نے سرکاری ٹی وی اور ریڈیو عمارتوں کا بھی کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ باغی اتحاد کے رہنما نے کہا ہے کہ شام کا ایک سیاہ باب تمام ہوا ،

واضح رہے گزشتہ روز حکومت نے صدر بشار الاسد کے دمشق چھوڑنے کی اطلاعات کی تردید کی تھی اور اس سے پہلے باغیوں نے حمص شہر پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے کا اعلان کیا تھا۔