اسرائیل شام کی صورتحال کا ناجائز فائدہ اٹھاکر دمشق کے قریب جا پہنچا، دفاعی اہداف پر بڑا حملہ

معزول صدر بشارالاسد کے فرار ہونے کے بعد شام میں عدم استحکام کی صورتحال ہے جب کہ اسرائیل نے اس صورتحال کا ناجائز فائدہ اٹھا کر دمشق کے قریب دفاعی اہداف پر بڑا حملہ کردیا۔

لبنانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل کے فوجی ٹینک دمشق کے قریب پہنچ چکے ہیں، شامی فوجی ہیڈکوارٹرز اور کئی ائیربیسز پر اسرائیل کی جانب سے بمباری کی گئی جس میں درجنوں لڑاکا طیارے اور ہیلی کاپٹر تباہ ہوگئے۔

اس کے علاوہ دمشق میں میزائل دفاعی نظام، زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل اور میزائلوں کی تیاری کے مقامات کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

اسرائیل نے  مقبوضہ گولان کے بفر زون میں مزید علاقے پر قبضہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

دوسری جانب سعودی عرب، ایران اور قطر نے اسرائیلی قبضے میں توسیع اور شام پر حملوں کی مذمت کی ہے۔

سعودی عرب کا کہنا ہے کہ اسرائیل شام کی سالمیت کو نقصان پہنچارہا ہے، اسرائیلی اقدام شام میں سکیورٹی بحالی کاموقع تباہ کرنے کی خواہش کو ظاہرکرتاہے۔

ادھر مصر نے گو لان میں اسرائیلی قبضے کو کُھلا ڈاکا قرار دے دیا۔