لنکڈ اِن سے جڑا نیا فراڈ بے نقاب

آن لائن پلیٹ فارمز پر اکثر فراڈ کا سلسلہ جاری رہتا ہے جس میں اسکیمر صارف کی نجی معلومات حاصل کر کے ان سے بڑی رقم کا مطالبہ کرتا ہے اور رقم دینے سے انکار پر انہیں دھمکی آمیز پیغامات بھیجتا ہے۔

واٹس ایپ، ایکس ، فیس بک پر فراڈ کا تو سنا ہی ہے وہیں اب نوکری تلاش کرنے کا ذریعہ بننے والا آن لائن پلیٹ فارم لنکڈ اِن سے جڑا نیا فراڈ بے نقاب ہوا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلورو سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون ورکر نے سوشل میڈیا پر ایک عجیب تجربہ شیئر کیا۔

رپورٹ کے مطابق خاتون نے کہا کہ کسی اجنبی نے انہیں اپنا لنکڈ ان اکاؤنٹ استعمال کرنے کے لیے انہیں ادائیگی کی پیشکش کی۔ خاتون کی اس پوسٹ کو بڑے پیمانے پر آن لائن شیئر کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ نکھیتا انیل نامی ایک سینئر برانڈ مارکیٹنگ مینیجر نے لنکڈ ان پر ایک پوسٹ کے ذریعے اپنا تجربہ شیئر کیا جس میں انہوں نے کہا کہ لنکڈ ان اکاؤنٹ کرائے پر لینے کا فراڈ عام ہوتا جا رہا ہے جس کی زد میں آکر شہری نقصان اٹھا رہے ہیں۔

خاتون نے کہا کہ ہم میں سے بہت سے لوگ اپنی کارپریٹ ملازمتوں کی وجہ سے کرائے کے اپارٹمنٹس میں مقیم ہیں۔ آپ میں سے کچھ کے پاس اپنے ذاتی اپارٹمنٹس بھی ہو سکتے ہیں جنہیں آپ کرائے پر دے سکتے ہیں۔ لیکن کیا آپ نے کبھی اپنا LinkedIn اکاؤنٹ کرائے پر لینے یا دینے کے بارے میں سنا ہے؟

نکھیتا نے بتایا کہ ایک نامعلوم شخص نے ان سے رابطہ کیا اور ان سے کچھ دیر کے لیے اپنا لنکڈ ان اکاؤنٹ استعمال کرنے کے لیے پیسوں کی ادائیگی کی پیشکش کی۔ تاہم اس نے یہ نہیں بتایا کہ وہ ان کا اکاؤنٹ کس کام کیلئے لے رہا ہے۔

بھارتی خاتون نے لکھا کہ وہ آپ کے اکاؤنٹ کے ساتھ کیا کرتے ہیں یہ ایک سوالیہ نشان ہے۔ اس حوالے سے آپ کو معلوم ہو بھی سکتا ہے اور نہیں بھی تو یہ آپ پر منحصر ہے کہ آپ اس میں شامل ہونا چاہتے ہیں اور یہ خطرہ مول لینا چاہتے ہیں۔

نکھیتا نے اس شخص کے ساتھ اپنی گفتگو کے اسکرین شاٹس بھی شیئر کیے۔ گفتگو میں نامعلوم شخص کا کہنا تھا کہ اس کی کمپنی اپنے کاروبار کو بڑھانے کے لیے کچھ لنکڈ ان اکاؤنٹس خریدنا چاہتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق نامعلوم شخص نے نکھیتا کا لنکڈ ان اکاؤنٹ استعمال کرنے پر انہیں ہر ہفتے 20 ڈالر ادا کرنے کی پیشکش کی۔ اس نے یہ بھی لکھا کہ وہ اس دوران اکاؤنٹ کی سیکیورٹی کی ترتیبات یا بنیادی معلومات کو تبدیل نہیں کر سکتیں۔

خاتون کی پوسٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین نے انہیں احتیاط سے قدم اٹھانے کا مشورہ دیا اور کہا کہ کسی کے جھانسے میں آنے سے پہلے سو بار ضرور سوچیں۔