ایپل نے 2017 میں آئی فون ایکس (10) او ایل ای ڈی ڈسپلے اور فیس آئی ڈی کے ساتھ متعارف کرایا تھا۔
مگر اس کے بعد سے آئی فونز کے ڈیزائن میں کوئی خاص نمایاں تبدیلی نہیں کی گئی۔
مگر اب ایپل کی جانب سے آئی فون کے ڈیزائن میں نمایاں تبدیلی کی جا رہی ہے اور یہ نیا ڈیزائن آئی فون 17 ائیر نامی ماڈل کا حصہ بنے گا۔
یہ نیا فون ایپل کا اب تک کا سب سے پتلا آئی فون ہوگا۔
ایک نئی رپورٹ میں اس فون کے ممکنہ ڈیزائن کے خاکے سامنے آئے ہیں جس سے اس کے ڈیزائن کا اندازہ ہوتا ہے۔
اس فون کے بارے میں کافی عرصے سے لیکس سامنے آرہی ہیں مگر نئی لیک میں واضح طور پر آئی فون 17 ائیر کے ڈیزائن کو دکھایا گیا ہے۔
میک ریومرز کی رپورٹ کے مطابق یہ آئی فون 17 ائیر کا حتمی ڈیزائن ہے اور آپ ان تصاویر کو نیچے دیکھ سکتے ہیں۔

تصاویر سے ثابت ہوتا ہے کہ آئی فون 17 ائیر بہت زیادہ پتلا ہوگا جس کے بیک پر کیمرا سیٹ اپ ایک سیاہ پٹی کی شکل میں دیا جائے گا۔
فون میں بیک پر صرف ایک کیمرا موجود ہوگا جبکہ اس کے دائیں جانب فلیش موجود ہے۔

اسی طرح تصاویر میں فون میں کیمرا کنٹرول بٹن اور ایکشن بٹن کی موجودگی کا عندیہ بھی ملتا ہے۔
اس سے قبل 9 ٹو 5 میک کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ آئی فون 17 ائیر ایپل کے آئی فون پرو ماڈلز کے مقابلے میں 25 فیصد پتلا ہوگا۔
درحقیقت یہ کسی بھی کمپنی کی جانب سے تیار کیا جانے والا سب سے پتلا آئی فون ہوگا۔
اس فون کے بیک پر ایک ہی کیمرا ہوگا جو کہ ممکنہ طور پر 48 میگا پکسل کا ہوگا۔
درحقیقت اس فون کا ڈیزائن ہی اسے صارفین کے لیے زیادہ پرکشش بنائے گا ورنہ فیچرز کے لحاظ سے یہ اسٹینڈرڈ ماڈل سے زیادہ خاص نہیں ہوگا۔
ابھی اس کا آفیشل نام معلوم نہیں بس رپورٹس میں اسے آئی فون 17 ائیر کہا جاتا ہے، جبکہ کچھ رپورٹس میں اسے آئی فون 17 سِلم کا نام بھی دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ آئی فون 17 سیریز کو ستمبر 2025 میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔