دنیا کو موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے جیسے اہم چیلنج کا سامنا ہے، جو کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک کو متاثر کئے ہوئے ہے۔ یہ ممالک اپنے محدود وسائل اور بنیادی ڈھانچے کی وجہ سے کمزور ہیں۔ کلائمیٹ چینج اینڈ اکنامک ولنریبلٹی انڈیکس (سی ای وی آئی) اور کلائمیٹ چینج اینڈ اکنامک ریزیلینس انڈیکس (سی ای آر آئی) ان کمزوریوں کو اجاگر کرتے ہوئے موسمیاتی تبدیلی کی پالیسیوں کی میکرو کریٹیکل صف بندی کی ضرورت پر زور دیتی ہے۔ آب و ہوا کی تبدیلی کا ایک اور پہلو معاشرے کے مختلف شعبوں، خاص طور پر خواتین پر اس کے غیر متناسب اثرات ہیں۔ آب و ہوا کا تعلق مالیات سے ہے اور موسمیاتی اثرات کاروباری مواقعوں کی کمی کا باعث بنتے ہیں کیونکہ زیادہ تر دستیاب فنڈز موافقت کی کوششوں نقصان پہنچاتے ہیں۔ سال دوہزاربائیس میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے لچک اور پائیداری کی سہولت متعارف کرائی۔ یہ سستی، طویل مدتی مالی اعانت ہے تاکہ ممالک کو ساختی چیلنجوں، خاص طور پر آب و ہوا کی تبدیلی اور وبائی امراض کی تیاری میں مدد فراہم کی جا سکے۔ آر ایس ایف رعایتی شرح سود کے ساتھ قرضے دیتا ہے، جس میں بیس سال کی ادائیگی کی مدت اور دس سال کی رعایتی مدت شامل ہے۔ اہلیت ان ممالک تک محدود ہے جن کے پاس موجودہ آئی ایم ایف کی حمایت یافتہ پروگرام اور پائیدار قرضوں کی سطح ہے۔ آر ایس ایف فنانسنگ تک رسائی حاصل کرنے کے لئے ممالک کو ایسی اصلاحات کے نفاذ کا عہد کرنا چاہئے جن سے ہدف شدہ ڈھانچہ جاتی چیلنجز سے نمٹا جا سکے، جس سے پائیدار ترقی کو فروغ ملے اور ادائیگیوں کے توازن میں استحکام میں اضافہ ہو۔ پاکستان نے آئی ایم ایف سے ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسیلٹی (آر ایس ایف) کے تحت اضافی فنانسنگ کے لئے باضابطہ درخواست کی ہے، ابتدائی طور پر 1.2ارب ڈالر اور بعد میں 1.5ارب ڈالر کی درخواست کی تھی۔ ان فنڈز کا مقصد آب و ہوا کی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنا ہے، جس نے پاکستان کو نمایاں طور پر متاثر کیا ہے۔ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان جاری مذاکرات میں موسمیاتی تبدیلیوں پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔گلوبل کلائمیٹ رسک انڈیکس 2025ء کے مطابق پاکستان کو 2022ء میں موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے سب سے زیادہ خطرناک ملک قرار دیا گیا جس کی بنیادی وجہ مون سون کے تباہ کن سیلاب تھے جس سے 3 کروڑ 30لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے۔ 1700سے زائد ہلاکتیں ہوئیں اور اس کے نتیجے میں تقریباً پندرہ ارب ڈالر کا معاشی نقصان ہوا۔ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے آنے والے ان سیلابوں نے پاکستان کو شدید موسمی خطرات سے دوچار کئے رکھا۔ آب و ہوا کی تبدیلی کا خواتین پر غیر متناسب اثر پڑتا ہے۔ مثال کے طور پر، دیہی خواتین، جو زرعی افرادی قوت کا اہم حصہ ہیں، کو قدرتی وسائل پر انحصار اور قرض اور تعلیم جیسے وسائل تک محدود رسائی کی وجہ سے بڑھتے ہوئے خطرے کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس کے ساتھ پاکستان میں صنفی مساوات کی صورتحال بھی سنگین ہے جیسا کہ گلوبل جینڈر گیپ رپورٹ 2024ء میں اجاگر کیا گیا ہے۔ پاکستان 146ممالک میں 145ویں نمبر پر ہے۔ یہ 36.2فیصد صنفی مساوات اسکور کے ساتھ معاشی شراکت داری میں 143ویں نمبر پر ہے اور تعلیمی حصول میں 82.5فیصد کے ساتھ 139ویں نمبر پر ہے۔ صحت اور بقاء کے حوالے سے پاکستان 0.961اسکور کے ساتھ 132ویں نمبر پر ہے جبکہ سیاسی بااختیاری کے لحاظ سے 112ویں نمبر پر ہے جبکہ سیاسی کرداروں میں خواتین کی نمائندگی صرف 15.2فیصد ہے۔اقتصادی، آب و ہوا کی تبدیلی پر مبنی اور صنفی عدم مساوات کے درمیان کثیر جہتی تعلق کا اظہار کئی طریقوں سے کیا جاتا ہے۔ سیلاب، خشک سالی اور طوفانوں سے ہونے والے معاشی نقصانات خواتین کی سربراہی والے گھرانوں کو غیر متناسب طور پر متاثر کرتے ہیں، جس کی وجہ سے وہ اکثر اپنے پہلے سے ہی ناکافی وسائل سے محروم ہو جاتی ہیں۔ حمل کے دوران صحت کے خطرات بڑھتے ہوئے درجہ حرارت سے بڑھ جاتے ہیں، جس سے قبل از وقت پیدائش اور ہائی بلڈ پریشر جیسی پیچیدگیاں پیدا ہوتی ہیں۔(بشکریہ دی نیوز۔ تحریر سعدیہ عشرت ستی۔ ترجمہ اَبواَلحسن اِمام)
دریں اثنا، وسائل کی کمی صنف کی بنیاد پر تشدد کو جنم دیتی ہے، جس میں کم عمری کی شادیاں شامل ہیں کیونکہ خاندان اپنی بقاء کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ سال 2022ء میں پاکستان نے اپنا پہلا کلائمیٹ چینج جینڈر ایکشن پلان تیار کیا، جس میں زراعت اور آفات کے خطرات میں کمی جیسے شعبوں میں فیصلہ سازی میں خواتین کی شرکت میں اضافہ ہوا۔ اس اقدام سے صنفی جوابدہ پالیسیاں تیار کرنے کی کوششوں کو تقویت ملتی ہے۔ گرین کلائمیٹ فنڈ اور دیگر بین الاقوامی شراکت دار ماحولیاتی تبدیلی کے ردعمل میں صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے مدد فراہم کرتے ہیں۔ آئی ایم ایف نے 2022ء میں اپنی پہلی حکمت عملی کی منظوری دی جس کا مقصد نگرانی، قرضے اور صلاحیت کی ترقی سمیت دیگر بنیادی سرگرمیوں میں صنفی سوچ کو ضم کرنا تھا۔ یہ نکتہئ نظر صنفی مساوات کی اہمیت کو تسلیم کرتا ہے، جو معاشی استحکام اور ترقی کا بیانیہ ہے۔