سولر چارجنگ والا کانسیپٹ فون متعارف

اسمارٹ فونز آج کل ہر کسی کے ہاتھ میں نظر آتے ہیں، لیکن ایک مسئلہ سب کو درپیش ہوتا ہے اور وہ ہے بیٹری جلد ختم ہونا۔ یہی وجہ ہے کہ فون کو دن میں کم از کم ایک بار چارج کرنا ضروری ہو جاتا ہے، لیکن اب ایک ایسا کانسیپٹ فون پیش کیا گیا ہے جسے چارج کرنے کے لیے چارجر کی ضرورت ہی نہیں پڑے گی۔

بارسلونا میں موبائل ورلڈ کانگریس کے دوران ایک چینی کمپنی نے ایسا اسمارٹ فون پیش کیا جس میں سولر پینل نصب ہے، جو فون کو سورج کی روشنی سے چارج کرتا ہے۔

یہ فی الحال ایک کانسیپٹ فون ہے، مگر کمپنی کے مطابق اس میں سولر انرجی ریورسنگ ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے، جس میں perovskite سولر سیلز لگائے گئے ہیں۔ یہ سیلز پتلے اور سستے ہیں اور چارجنگ کے دوران فون کو زیادہ گرم ہونے سے بچانے کے لیے ایک خاص سسٹم میکسیمم پاور پوائنٹ ٹریکنگ بھی دیا گیا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ کمپنی نے اس کے لیے ایک خصوصی کیس بھی بنایا ہے جو سورج کی روشنی سے خود چارج ہوکر فون کو چارج کرسکتا ہے۔ یہ کیس بجلی کی عدم دستیابی میں کافی کارآمد ہوگا۔