گوگل نے عالمی یومِ خواتین کی مناسبت سے اپنا ڈوڈل تبدیل کر دیا

ہر خاص موقع پر اپنا ڈوڈل تبدیل کرنے والے دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل نے عالمی یومِ خواتین کی مناسبت سے اپنا ڈوڈل تبدیل کر دیا ہے۔

گوگل نے اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ڈوڈل تبدیل کر کے سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ پیش کرنے والی خواتین کو سراہا ہے۔

اس گوگل ڈوڈل میں خلاء باز، ڈی این اے، ڈھانچے سمیت مختلف آرٹ ورک سے سائنس لیب، خلاء اور ٹیکنالوجی کے میدان میں خواتین کی شراکت کی نمائندگی کی گئی ہے۔

گوگل ماضی میں مختلف شعبوں میں خدمات انجام دینے والی خواتین کی کامیابیوں کو یاد کر رہا ہے۔

گوگل کے مطابق سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں خواتین کی نمایاں شرکت کے باوجود اب بھی خلاء موجود ہے۔

اس وقت عالمی سطح پر سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں خواتین افرادی قوت کا صرف 29 فیصد ہیں، تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ ہر سال یہ تعداد بڑھ رہی ہے۔

گوگل کے مطابق عالمی یومِ خواتین یاد دہانی کرواتا ہے کہ تاریخ گواہ ہے کہ خواتین کی کامیابیوں نے ہماری دنیا تبدیل کر دی ہے اور ان کی اجتماعی خدمت سے ہم جدید دنیا کے عجائبات کا تجربہ کرنے کے قابل بنے ہیں۔