خیبرپختونخوا کے وزیر اعلی علی امین خان گنڈاپور نے "ڈرگ فری پشاور" پروگرام کے تیسرے مرحلے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نشے کے عادی افراد کو صحت کارڈ میں شامل کرنے کا اعلان کر دیا۔ اس موقع پر صوبائی کابینہ، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، سرکاری حکام اور سول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی۔
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ ڈرگ فری پشاور پروگرام کے تیسرے مرحلے میں 1239 افراد کی بحالی عمل میں لائی گئی، جن میں 13 خواتین اور 28 کم عمر لڑکے بھی شامل ہیں۔ ان میں سے 611 افراد پشاور کے جبکہ 536 دیگر اضلاع سے ہیں، جبکہ 48 افراد پنجاب، 10 سندھ اور 26 افغان شہری بھی مستفید ہوئے۔
وزیر اعلی نے کہا کہ منشیات سے پاک صوبہ بنانا حکومت کا ہدف ہے اور بحال ہونے والے افراد کو معاشرتی زندگی میں واپس لانا ہماری ترجیح ہے۔ انہوں نے منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور تاجر برادری بحالی کے بعد افراد کو روزگار فراہم کریں۔