واٹس ایپ، جو میٹا کے زیرِ انتظام ہے، نے اسپام میسجز کی روک تھام کے لیے کچھ اہم اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ انفرادی صارفین اور کاروباری اداروں کے لیے براڈ کاسٹ میسجز کی تعداد کو محدود کیا جائے گا تاکہ ایپ میں غیر ضروری پیغامات کی بھرمار کو روکا جا سکے۔
آنے والے ہفتوں میں انفرادی صارفین کے لیے براڈ کاسٹ میسجز کی تعداد کو محدود کرنے کی آزمائش کی جائے گی، جہاں مخصوص تعداد میں پیغامات بھیجنے کی اجازت ہوگی۔ میٹا ہر ماہ 30 براڈ کاسٹ میسجز کی حد مقرر کرنے کی تجویز دے رہا ہے۔ اگر صارفین کو مزید میسجز بھیجنے کی ضرورت ہو تو انہیں اسٹیٹس اپ ڈیٹس یا چینلز کا استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
یہی اصول بزنس اکاؤنٹس پر بھی لاگو کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ فی الحال، واٹس ایپ بزنس اکاؤنٹس کو لامحدود براڈ کاسٹ میسجز کی سہولت مفت فراہم کی جا رہی ہے، لیکن مستقبل میں پیڈ ورژن اور اضافی ٹولز متعارف کرائے جا سکتے ہیں۔
آنے والے مہینوں میں میٹا نئے کسٹمائزڈ براڈ کاسٹ میسجز کی آزمائش کرے گا، جو پراڈکٹ اپ ڈیٹس کے لیے استعمال کیے جا سکیں گے۔ آزمائشی مرحلے کے دوران، کاروباری اداروں کو 250 مفت میسجز بھیجنے کی اجازت ہوگی، اس کے بعد اضافی پیغامات کے لیے فیس لاگو ہوگی۔
واٹس ایپ بزنس ایپ کے لوگو میں تبدیلی سمیت دیگر اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں، جو آمدنی میں اضافہ کا باعث بن سکتے ہیں۔