کے پی : سرکاری اسکولوں میں ساڑھے 16 ہزار خالی آسامیوں کیلئے 8 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول

خیبرپختونخوا میں محکمہ تعلیم کی 16,454 خالی آسامیوں کے لیے 8,67,000 افراد نے ملازمت کے لیے درخواستیں جمع کرائی ہیں۔

سرکاری ٹیسٹنگ ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ان آسامیوں کے لیے 3,95,000 خواتین اور 4,70,000 مرد امیدواروں نے درخواستیں دی ہیں، جب کہ 7,161 معذور افراد اور 4 خواجہ سرا بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ 406 پی ایچ ڈی ڈگری ہولڈرز بھی ان آسامیوں پر بھرتی کے لیے امیدوار ہیں، جو اساتذہ کی ملازمت کے خواہشمند ہیں۔

محکمہ تعلیم کے حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ بھرتی کا عمل مکمل طور پر شفاف اور میرٹ پر مبنی ہوگا تاکہ اہل اور مستحق افراد کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔