پاکستان اور آئی ایم ایف کا کاربن لیوی متعارف کرانے پر اتفاق

پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان ایک اسٹاف لیول معاہدے کے تحت نئی کاربن لیوی متعارف کرانے پر اتفاق ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق، اس معاہدے میں بجلی کے نرخوں میں کمی، پانی کی قیمتوں میں اضافے، اور آٹوموبائل سیکٹر کو عالمی تجارت کے لیے کھولنے جیسے اہم فیصلے شامل ہیں۔

یہ معاہدہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری پر منحصر ہے۔ اگر منظوری مل جاتی ہے تو پاکستان کو ایک ارب ڈالر کی قسط ملنے کی امید ہے، جبکہ اس پروگرام کے تحت مجموعی رقم 2 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گی۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ وزیر اعظم چند دنوں میں بجلی کے نرخوں میں سات روپے فی یونٹ کمی کا اعلان کر سکتے ہیں، جو یکم اپریل 2025 سے نافذ ہوگا۔ مزید اقدامات، جیسے کاربن لیوی اور پانی کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی 2025 سے متوقع ہے۔