واٹس ایپ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے ایک اور نیا اور کارآمد فیچر متعارف کرا دیا گیا ہے، جس کے تحت اب گروپ چیٹس میں یہ معلوم کیا جا سکے گا کہ اس وقت کتنے افراد آن لائن ہیں۔
میٹا کی ملکیت والے اس میسجنگ ایپلی کیشن میں اس سے پہلے گروپ چیٹس میں صرف یہ دکھایا جاتا تھا کہ کون ٹائپ کر رہا ہے، لیکن اب "آن لائن کاؤنٹر" کے ذریعے یہ جاننا ممکن ہوگا کہ مجموعی طور پر کتنے صارفین گروپ میں فعال ہیں۔
یہ نیا فیچر خاموشی سے متعارف کرایا گیا ہے اور واٹس ایپ کی حالیہ اپ ڈیٹ کے بعد گروپ چیٹ ونڈو کے اوپری حصے میں ایکٹیویٹی سمری کے ساتھ یہ آن لائن کاؤنٹر بھی نظر آئے گا۔
میٹا کے مطابق اس فیچر سے صارفین کو گروپ چیٹس میں زیادہ بہتر رابطے کا موقع ملے گا اور وہ جان سکیں گے کہ رابطے کے لیے کون سا وقت بہتر ہے۔
کمپنی نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ صارفین کی پرائیویسی کا خیال رکھا گیا ہے، اور اگر کوئی صارف اپنی آن لائن موجودگی کو چھپائے ہوئے ہے تو اس کا اس کاؤنٹر میں ذکر نہیں ہوگا۔