اے ڈی بی کا پاکستان کیلئے 33 کروڑ ڈالر کی اضافی امداد کا اعلان

اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) نے پاکستان میں سماجی تحفظ کے پروگرامز کو وسعت دینے کے لیے 33 کروڑ ڈالر کی اضافی مالی معاونت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

بینک کے مطابق اس معاونت سے ملک بھر میں 93 لاکھ افراد مستفید ہوں گے جن میں خاص طور پر غریب خواتین اور ان کے خاندانوں کو ہدف بنایا گیا ہے۔ پروگرام کے تحت بچوں اور نوجوانوں کو تعلیم سے مشروط مالی مدد فراہم کی جائے گی، جبکہ آفات زدہ علاقوں میں خواتین اور بچوں کو صحت و غذائیت تک بہتر رسائی حاصل ہوگی۔

اے ڈی بی کی سالانہ رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان، افغانستان اور کرغزستان جیسے ممالک اب بھی غربت، صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کی کمی جیسے چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں۔

دوسری جانب، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بینک کے صدر ماساتو کانڈا سے ملاقات کی جس میں پانڈا بانڈ کے اجرا کے لیے جزوی کریڈٹ گارنٹی پر معاونت کی درخواست کی گئی۔