ملک میں ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 1.92 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد سالانہ بنیادوں پر یہ شرح منفی 3.52 فیصد تک پہنچ گئی ہے، جو حالیہ برسوں میں ایک اہم معاشی پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے 18 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی، جب کہ 22 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں اور صرف 11 اشیاء مہنگی ہوئیں۔ برائلر مرغی 11.75 فیصد، گندم کا آٹا 5.68 فیصد، لہسن 4.66 فیصد، کیلے 3.51 فیصد اور چاول 1.58 فیصد سستے ہوئے۔
دوسری طرف آلو 6.94 فیصد، انڈے 0.66 فیصد اور دالوں سمیت دیگر چند اشیاء کی قیمتوں میں معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا۔
وزیراعظم نے اس بہتری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال انہی دنوں میں مہنگائی کی شرح 26.94 فیصد تھی، جب کہ آج منفی 3.52 فیصد پر آنا معاشی پالیسیوں کی کامیابی کا ثبوت ہے۔ حکومت کا دعویٰ ہے کہ عوام کو بہتر ہوتے معاشی اشاریوں کے حقیقی ثمرات پہنچانے کی کوشش جاری ہے۔