وفاقی وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ اصلاحات کے ایجنڈے پرعمل پیرا ہیں۔ رائٹ سائزنگ اور پنشن معاملات میں اصلاحات لا رہے ہیں، حکومتی اقدامات سے معیشت مستحکم ہوئی، موجودہ آئی ایم ایف پروگرام آخری ہوگا۔
واشنگٹن میں وزیرخزانہ محمداورنگزیب نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اصلاحات کے ایجنڈے پرعمل پیرا ہے، رائٹ سائزنگ اور پنشن معاملات میں اصلاحات لا رہے ہیں۔
محمداورنگزیب نے کہا کہ دورہ امریکا میں مختلف ممالک کے وزرا سے ملاقاتیں ہوئیں، حکومتی اقدامات سے معیشت مستحکم ہوئی، مختلف شعبوں میں نجی شعبے کی شراکت بڑھانے کیلئےاقدامات کر رہے ہیں۔
وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ آخری پروگرام ہوگا۔
وفاقی وزیرِ خزانہ کی یو ایس ڈی ایف سی کے قائم مقام سی ای او سے ملاقات
قبل ازیں، وزیرخزانہ کی یو ایس ڈی ایف سی کے قائم مقام سی ای او ڈیوجگدیسن سے ملاقات ہوئی۔ وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق ریکوڈک منصوبہ سمیت سرمایہ کاری کے ممکنہ منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیرخزانہ نے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں امریکی سینیئر حکام کی شرکت کو سراہا، پاکستان، امریکا کے درمیان باہمی مفاد پر مبنی تعاون کے وسیع مواقع کو اجاگر کیا۔