مہنگائی میں تاریخی کمی اور ذخائر میں دوگنا اضافہ: وزیر خزانہ

پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی کی شرح 60 سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، جو کہ صرف 0.7 فیصد ہے، جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر بھی دگنے ہو چکے ہیں۔

ہارورڈ یونیورسٹی میں ایک خطاب کے دوران، انہوں نے مالیاتی وسائل میں اضافے اور ٹیکس اصلاحات کے ذریعے قرضوں میں کمی کی حکمت عملی پر زور دیا۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ نجکاری کے ذریعے ہر سال جی ڈی پی کا 2 فیصد بچت کی توقع کی جا رہی ہے۔ محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ مارچ 2025 تک کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ایک ارب ڈالر سے تجاوز کر جائے گا، جبکہ بیرونی سرمایہ کاری میں 44 فیصد اور آئی ٹی برآمدات میں 24 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

اس کے علاوہ، ترسیلات زر 38 ارب ڈالر تک پہنچنے کی امید ہے۔