روڈ ٹو مکہ منصوبہ: 45 رکنی سعودی وفد پاکستان پہنچ گیا

پاکستان سے حج پر جانے والے عازمین کے لیے خوشخبری! روڈ ٹو مکہ منصوبے کے انتظامات کو جانچنے کے لیے سعودی عرب کا 45 رکنی وفد پاکستان پہنچ گیا ہے۔

اسلام آباد ایئرپورٹ پر وزارت مذہبی امور کے حکام نے وفد کا استقبال کیا۔ روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ کے تحت اس سال 50 ہزار 500 پاکستانی عازمین حج کے لیے روانہ ہوں گے۔ ان میں سے 28 ہزار اسلام آباد اور 21 ہزار کراچی ایئرپورٹ سے پرواز کریں گے۔

اسلام آباد سے 100 اور کراچی سے 80 پروازیں روڈ ٹو مکہ منصوبے کے تحت چلیں گی۔ سب سے بڑی سہولت یہ ہے کہ اب حاجیوں کی امیگریشن سعودی عرب کے بجائے پاکستان میں ہی مکمل ہوگی، جس سے سعودی ایئرپورٹ پر لمبی قطاروں اور انتظار سے نجات ملے گی۔

عازمین حج کے لیے ایئرپورٹس پر خاص کاؤنٹرز بھی لگائے جائیں گے تاکہ ان کی روانگی آسان اور آرام دہ ہو۔