ٹرمپ کی حمایت یافتہ ورلڈ لبرٹی فنانشل اور پاکستان کرپٹو کونسل میں تاریخی معاہدہ

ٹرمپ کی حمایت یافتہ ڈی سینٹرلائزڈ فنانس پلیٹ فارم "ورلڈ لبرٹی فنانشل" اور پاکستان کرپٹو کونسل کے درمیان ایک تاریخی شراکت داری کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔ اس معاہدے کا مقصد پاکستان میں بلاک چین کی جدت، ڈی سینٹرلائزڈ فنانس کے فروغ اور پائیدار کوائنز کے استعمال کو تیز تر بنانا ہے۔

پاکستان کرپٹو کونسل کے سی ای او بلال بن ثاقب اور ورلڈ لبرٹی فنانشل کی ٹیم نے باقاعدہ طور پر معاہدے پر دستخط کیے۔ تقریب میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، اسٹیٹ بینک کے گورنر، ایس ای سی پی کے چیئرمین اور آئی ٹی سیکرٹری سمیت اعلیٰ حکام شریک تھے۔ ورلڈ لبرٹی فنانشل کے وفد میں معروف شخصیات جیسے زیکری فولک مین، زیکری وٹکوف اور چیز ہیرو شامل تھے، جنہوں نے پاکستان کے اعلیٰ حکومتی و عسکری حکام سے ملاقاتیں بھی کیں۔

ورلڈ لبرٹی فنانشل، جو صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے اہل خانہ کی حمایت یافتہ ہے، بلاک چین کے ذریعے عالمی مالیاتی نظام میں انقلابی تبدیلیوں کا عزم رکھتی ہے۔ اس شراکت کے تحت پاکستان میں ریگولیٹری سینڈباکسز کا قیام، رئیل اسٹیٹ اور اجناس کی ٹوکنائزیشن، اسٹیبل کوائنز کا فروغ اور بلاک چین مشاورت جیسی سرگرمیاں شامل ہوں گی۔

اس وقت پاکستان میں 2.5 کروڑ فعال کرپٹو صارفین موجود ہیں اور ملک سالانہ تقریباً 300 ارب ڈالر کی کرپٹو لین دین کر رہا ہے۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اس معاہدے کو نوجوانوں اور ٹیکنالوجی سیکٹر کے لیے ایک انقلابی قدم قرار دیا۔ بلال بن ثاقب کے مطابق یہ شراکت محض ایک معاہدہ نہیں بلکہ ایک حکمت عملی ہے جو پاکستان کو عالمی مالیاتی منظرنامے میں نمایاں مقام دلانے میں مدد دے گی۔