پاک فوج کی حمایت

وفاقی کابینہ نے پاک فوج کے سربراہ (آرمی چیف) جنرل سیّد عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے اعلیٰ ترین عسکری عہدے پر ترقی دی ہے۔ یہ اعزاز انہیں بھارت کی جانب سے کئے گئے حملے کو پسپا کرنے اور جواباً بھارت پر فوری حملہ کرنے جیسی تیاری اور جرأت مندانہ اور مؤثر قیادت کے اعتراف میں دیا گیا۔ اس فیصلے کو ملک بھر میں سراہا جا رہا ہے اور یہ پاکستان کی عسکری قیادت پر عوامی اعتماد کی علامت بھی ہے۔ قوم کی جانب سے مبارکباد کے ساتھ اِس امید کا اظہار بھی کیا جا رہا ہے کہ جنرل عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج پاکستان کی سرزمین کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنائیں گی۔گزشتہ چند ماہ کے دوران پاکستان کی مسلح افواج نے نہ صرف دفاعی محاذ پر بہترین حکمت عملی اپنائی بلکہ ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارت کے ذریعے بھی اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو بھرپور جواب دیا۔ پاک بھارت سرحد پر حالیہ کشیدگی کے دوران افواج نے جس نظم و ضبط اور دفاعی تیاری کا مظاہرہ کیا‘ اس نے عالمی سطح پر توجہ اور داد حاصل کی ہے۔ بھارت کی انتہاپسند حکومت کی جانب سے پاکستان مخالف جارحانہ بیانات اور اقدامات کے باوجود پاکستان نے صبروتحمل کا مظاہرہ کیا تاہم پہلگام حملے کے بعد جب صورتحال کشیدہ ہوئی، تو جنرل عاصم منیر نے واضح اور مؤثر دفاعی حکمت عملی اپنائی۔ ابدالی اور فتح بیلسٹک میزائلوں کے کامیاب تجربات نے پاکستانی عوام کے حوصلے بلند کئے اور یہ پیغام دیا کہ ملک ہر چیلنج کا سامنا کرنے کے لئے تیار ہے۔بھارتی حملے کے جواب میں کی گئی فوجی کاروائی (آپریشن) کو ”بنیان مرسوس“ کا نام دیا گیا جس سے قبل پاکستان نے عالمی برادری کو اعتماد میں لیا اور یہ جوہری صلاحیت رکھنے والے ایک ملک کی جانب سے ذمہ داری کا مظاہرہ تھا۔ بھارت کے خلاف جنگ میں چین سے حاصل کردہ جدید لڑاکا طیاروں نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ پاکستان نے بھارت کے فرانسیسی ساختہ رافیل طیارے کو کامیابی سے نشانہ بنایا، جس سے دشمن کا فضائی برتری کا خواب چکنا چور ہو گیا اور اُس نے جنگ روکنے کے لئے منتیں سماجتیں شروع کر دیں۔ امریکی صدر کی جانب سے پاک بھارت کشیدگی کے دوران ثالثی کی پیشکش اور مسئلہ کشمیر کا تذکرہ پاکستان کی سفارتی کامیابیوں کا ثبوت ہے۔ عالمی برادری اب یہ ماننے لگی ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے۔ جنرل عاصم منیر کی فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی ان کی عسکری مہارت، خلوص نیت اور وطن سے غیر متزلزل وفاداری کا ثبوت ہے۔ اس پیش رفت کو حوصلہ افزاء پیغام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج، اب فضائیہ اور بحریہ سمیت، ہر ممکن طریقے سے ملک کے دفاع کے لئے تیار ہیں اور فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی صرف کسی ایک فرد کی نہیں بلکہ ایک مضبوط اور متحد پاکستان فوج اور نصرت کی علامت ہے، جس پر ہر پاکستانی بجا طور پر فخر کر رہا ہے۔ (بشکریہ دی نیوز۔ تحریر ڈاکٹر رامیش کمار وانکوانی۔ ترجمہ اَبواَلحسن اِمام)۔